عام انتخابات آئندہ برس اگست میں ہوں گے، آرمی چیف کی تعیناتی شہباز شریف ہی کریں گے: خواجہ آصف
وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات مقررہ وقت پر آئندہ برس اگست میں ہوں گے جب کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی وزیرِ اعظم شہباز شریف نومبر میں کریں گے۔
ہفتے کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت عمران خان سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کرنے کے لیے تیار ہے۔
وزیرِ دفاع کا مزید کہنا تھا کہ پوری دنیا میں سیاسی محاذ آرائی ہوتی ہے، لیکن اس طرح اداروں کو متنازع نہیں بنایا جاتا جس طرح عمران خان بنا رہے ہیں۔
ملک میں کسی ٹیکنو کریٹ حکومت کی گنجائش نہیں ہے: فواد چوہدری
تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے فوری الیکشن کا اعلان نہ کیا تو دو ہفتوں کے اندر عوام کو فائنل کال دیں گے۔
تحریکِ انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں تنظیموں کو احتجاج کی کال دے دی گئی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت سے پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر وہ جلد الیکشن پر آتی ہے تو عمران خان بھی حکومت سے بات کرنے پر تیار ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک میں کسی ٹیکنو کریٹ حکومت کی گنجائش نہیں ہے۔ ملک کا مستقبل صرف جمہوریت سے ہی وابستہ ہے۔
توہینِ عدالت کیس: عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے
خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکیاں دینے پر توہین عدالت کیس میں سابق وزیرِ اعظم اور چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان پر جمعرات کو فردِ جرم عائد کی جائے گی جس کے لیے عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ دن ڈھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا۔
توہین عدالت کے کیس کی سماعت سے متعلق ہائی کورٹ نے باضابطہ طور پر ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے جس کے مطابق کمرۂ عدالت نمبر ایک میں داخلے کی اجازت صرف ان افراد کو دی جائے گی جن کے پاس رجسٹرار آفس سے جاری کردہ پاس ہوں گے۔
جتنے کیسز مجھ پر ہیں، اب تو میں خود ایکسپرٹ ہو گیا ہوں: عمران خان
توہینِ عدالت کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچنے پر صحافیوں نے عمران خان پر سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔
صحافیوں نے استفسار کیا کہ خان صاحب کیا آپ ایک اور یوٹرن لیتے ہوئے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگیں گے؟ اس پر عمران ٰخان نے کوئی جواب نہیں دیا۔
عدالتی کارروائی کور کرنے والے ایک صحافی نے یہی سوال دہرایا تو عمران خان نے جواب میں کہا کہ آپ تو قانونی معاملات کو سمجھتے ہیں، لیکن جتنے کیسز مجھ پر ہیں اب تو میں بھی ایکسپرٹ ہو گیا ہوں۔