مسافر ٹرینوں کی بحالی میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں: وزیرِ ریلوے
وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہہ ریلوے ٹریک پر اب بھی کئی مقامات پر سیلاب کا پانی موجود ہے اس لیے مسافر ٹرینوں کی بحالی میں مزید چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔
سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے ٹریک ایم ایل ون کراچی سے روہڑی تک مختلف مقامات پر پانی موجود ہے اور ایم ایل ٹو کی بھی یہی صورتِ حال ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کا مجموعی طور پر نقصان اربوں میں ہے تاہم اصل نقصان کا اندازہ سیلاب کا پانی اترنے کے بعد ہی لگایا جا سکتا ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ چین کے ساتھ مل کر ریلوے ٹریک کو بحال کریں گے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایم ایل ون منصوبے پر گراؤنڈ پر کام کیا جائے جس کے لیے سب سے پہلے روہڑی سے کوٹری اور پھر کوٹری سے کراچی تک کام ہو گا۔
انتخابات کرانے کے لیے اسٹیبلشمنٹ کا موجودہ 'اسٹیٹس کو' برقرار رکھا جا سکتا ہے: فواد چوہدری
تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نئے انتخابات کے انعقاد تک اسٹیبلشمنٹ کا موجودہ اسٹیٹس کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کے سیاسی مستقبل اور جمہوریت کی بحالی کا ایک عملی فارمولہ پیش کر دیا ہے۔ ملک کی اقتصادی حالت مزید تباہی کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
خیال رہے کہ عمران خان نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی انتخابات کے بعد بننے والی نئی حکومت کو ہی کرنی چاہیے۔ لہذٰا نئے انتخابات تک موجودہ آرمی چیف کو عہدے پر برقرار رکھنے کے لیے وہ گنجائش نکالنے کو تیار ہیں۔
دو سے تین ہفتوں میں سیلاب کا پانی اُتر جائے گا: وزیرِ اعظم شہباز شریف
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دو سے تین ہفتوں میں سیلاب کا پانی اتر جائے گا۔ اس کے بعد لوگ دوبارہ اپنے گھروں میں آباد ہو جائیں گے۔
اسلام آباد میں منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ان کی گفتگو کو ملک کے سرکاری ٹی وی پر براہِ راست نشر کیا گیا، جس میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے ارکان کو دکھی انسانیت کے لیے بھی وقت دینا چاہیے۔ لوگ یاد رکھیں کے کون ان کے دکھ میں شریک ہوا ہے اور کون سیلاب کے موقع پر سیر و سیاحت کرتا رہا۔
شہباز شریف نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ آج جو لوگ عوام کی خدمت سے دور ہیں، سب عوام کو معلوم ہے۔ جو لوگ سیاست میں مصروف ہیں، سب سب کو معلوم ہے، اگر وہ خاموش ہیں، تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ان میں موجود ناراضگی، دکھ اور تکلیف ہے، ابھی وہ اس کو بیان نہیں کر پا رہے۔ وقت آئے گا، جب وہ اس کا حساب بھی لیں گے اور تعریف بھی کریں گے۔
ماحولیاتی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں پاکستان کا قصور نہ ہونے کے برابر ہے البتہ پھر بھی وہ اس کے نقصانات کا شکار ہوا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے پاکستان کے دورے کے حوالے سے کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے صرف ہمدری کا پیغام کافی نہیں ہے، اس وقت عملی طور پر اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، اس کا ازالہ ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے پاکستان کے دو روزہ دورے پر گزشتہ ہفتے آئے تھے اور انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔
آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا معاملہ فوری انتخابات سے مشروط ہے: عمران خان
تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا معاملہ فوری انتخابا ت سے مشروط ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع پر کوئی بات نہیں کی تھی، صرف یہ کہا تھا کہ آرمی چیف کی تقرری کا معاملہ فوری انتخابات کے بعد نئی حکومت آنے تک مؤخر کر دیا جائے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمراں اتحاد کو سمجھ نہیں آ رہی ہے کہ وہ ان کے ان سوئنگ یارکر کیسے کھیلے۔ اُن کا کہنا تھا کہ قوم کو آخری کال دینے کا معاملہ ستمبر سے آگے نہیں جائے گا۔