عمران حکومت نے تیل کی قیمتیں کم کرکے قوم کو معاشی تباہی کی طرف دھکیلا: وزیرِاعظم شہباز شریف
پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے کے برعکس تیل کی قیمتیں کم کرکے پاکستان کو معاشی تباہی کی طرف دکھیل دیا تھا۔
اسلام آباد میں جمعرات کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی سابق حکومت پر تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کو معلوم ہوا کہ ان کی حکومت جانے والی ہے تو وزیرِاعظم ہاؤس میں بیٹھے ایک افسر نے عمران نیازی کو مشورہ دیا کہ پیٹرول کی قیمتیں کم کردینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے اپنے پونے چار سال کے دور میں 20 ہزار ارب روپے کے قرض لیے جو کہ پاکستان کی تاریخ سے لے کر اس وقت تک لیے گئے 80 فی صد قرضوں کے مساوی تھے۔
شہباز شریف کے مطابق عمران حکومت نے اس وقت تیل کی قیمتیں کم کرکے نہ صرف گڑھا کھودا بلکہ پاکستانی عوام کو معاشی تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا۔
ان کے بقول آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان حکومت نے کیا تھا، ہم نے نہیں۔ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو مشکلات ہی مشکلات تھیں اور آئی ایم ایف کا معاہدہ رک چکا تھا۔
’عمران خان چاہتے تھے کہ پاکستان سری لنکا بن جائے‘
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''عمران خان چاہتے تھے کہ پاکستان سری لنکا بن جائے اور دیوالیہ ہوجائے۔''
جمعرات کو اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت نے سبسڈی کے نام پر پاکستان کے اربوں روپے ہڑپ کیے۔ سابق دور میں معاشی تباہی میں کرپشن کو سرِفہرست کردیا گیا تھا۔
ان کے بقول ان پونے چار برس میں پاکستان کے ساتھ جو تماشا کیا گیا وہ کبھی نہیں دیکھا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے تھے کہ پاکستان سری لنکا بن جائے اور دیوالیہ ہوجائے۔ اگر ایسی خواہش نہ ہوتی تو عمران خان کے حکم پر سابق وزیرِخزانہ کبھی یہ فون کرتے کہ ہم وفاق کو سرپلس نہیں دیں گے۔
وزیرِ اعظم کا 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے فیول سر چارج ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے مرحلے میں 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے فیول ایڈجسٹمنٹ جارچر ختم کردیے تھے جس پر حکومت کو 21 ارب روپے کا بوجھ اٹھانا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ مگر 48 سے 52 فی صد صارفین ہی صرف 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے تھے لہٰذا میں نے 300 یونٹ تک استثنیٰ دیں گے تو بات بنے گی۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ جو لوگ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں ان کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کر دیے ہیں۔
حکمران آئی ایم ایف اور سیلاب میں پھنس گئے ہیں، شیخ رشید احمد
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کہتے ہیں کہ عمران خان آئی ایم ایف اور کرونا سے بچ گئے لیکن حکمران آئی ایم ایف اور سیلاب میں پھنس گئے ہیں۔
شیخ رشید نے ایک ٹویٹ میں حکومت کی معاشی پالیسی پر کڑی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں جتنا تیل سستا ہوتا ہے پاکستان میں اتنا ہی مہنگا ہو جاتا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں تین روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی ناکامی میں داتا دربار داخلے پر بھی 10 روپے ٹیکس لگا دیا ہے۔