عمران خان کے گجرات میں جلسے کی تیاریاں
سابق وزیرِ اعظم اور چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان جمعے کو گجرات میں جلسے سے خطاب کریں گے۔
تحریکِ انصاف کے جلسے کے لیے گجرات کے ظہور الہیٰ اسٹیڈیم میں تیاریاں کی گئی ہیں جہاں شام چھے بجے عمران خان کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
جمعرات کو وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے جلسہ گاہ پہنچ کر وہاں انتظامات کا جائزہ بھی لیا تھا۔
پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا کیس: عطا تارڑ کی عبوری ضمانت منظور
پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے کیس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ کی عبوری ضمانت منظور ہو گئی ہے۔
لاہور کی ایک مقامی عدالت نے پولیس کو عطا تارڑ کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا ہے۔
عدالت نے پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے کیس میں عطا تارڑ کو شاملِ تفتیش ہونے کا حکم دیا ہے جب کہ 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض 14 ستمبر تک ان کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔
عطا تارڑ نے درخواستِ ضمانت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ پولیس نے سیاسی بنیاد پر انہیں مقدمے میں نامزد کیا ہے۔
درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ ان پر اسمبلی اہلکار کی وردی پھاڑنے اور حملہ کرنے کا الزام ہے لیکن سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اس جرم میں شریک نہیں ہیں۔
عمران خان کے بیان کو فوج سے جوڑنا درست نہیں: فواد چوہدری
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے حالیہ بیان کو فوج یا فوج کی قیادت سے جوڑنا درست نہیں ہے۔
فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان نے نواز شریف اور آصف زرداری کو ڈان لیکس اور میمو گیٹ کے تناظر میں سیکیورٹی رسک کہا ہے، ان کی جائیدادیں، بچے تمام تر مفادات ملک سے باہر ہیں۔ عمران خان نے اسی تناظر میں بات کی تھی۔
اداروں کو بدنام کرنے کی عمران خان کی باتیں نئی سطح کو چھو رہی ہیں: شہباز شریف
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ عمران خان کی اداروں کو بدنام کرنے کی باتیں نئی سطح کو چھو رہی ہیں۔
وزیرِ اعظم نے پیر کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان اب مسلح افواج اور اس کی قیادت پر کیچڑ اچھالنے سمیت زہریلے الزامات لگا رہے ہیں۔ ان کا مذموم ایجنڈا واضح ہے کہ وہ پاکستان کو تباہ اور کمزور کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان نے اتوار کو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری ایسا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں جو ان کی کرپشن پر بات نہ کرے۔