عمران خان جیسے لیڈر کو ایک عدالت سے دوسری عدالت پیش ہونا ہے: فواد چوہدری
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کا اربوں روپیہ لوٹنے والے لندن میں عیاشی کر رہے ہیں اور عمران خان جیسے فقیر منش لیڈر کو جعلی مقدمات میں ایک عدالت سے دوسری عدالت پیش ہونا ہے۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان آج دہشت گردی کیس میں عدالت میں ہوں گے۔ بنیادی طور پر اشرافیہ کے نزدیک عوامی لیڈر غیر اہم ہیں کیوں کہ عوام کی کوئی حیثیت نہیں۔
دہشت گردی کے مقدمے کی سماعت: عمران خان عدالت پہنچ گئے
سابق وزیرِ اعظم عمران خان دہشت گردی کے مقدمے میں ضمانت میں توسیع کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت پہنچ گئے ہیں۔
عمران خان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کے وکیل ایڈووکیٹ فیصل چوہدری کمرۂ عدالت میں موجود ہیں اور سماعت کا باقاعدہ آغاز کچھ دیر بعد ہو گا۔
دہشت گردی کا مقدمہ: عمران خان کی عبوری ضمانت میں 12 ستمبر تک توسیع
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت میں 12 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔
عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے عدالت میں اپنے دلائل دیتے ہوئے مقدمے میں شامل دفعات پر بحث کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف درج مقدمے میں دہشت گردی کہاں ہے؟ پولیس ایک جملے سے ڈر گئی ہے یہ پولیس کی تذلیل ہے۔
وکیل بابر اعوان نے کہا کہ دفعہ 186 ناقابلِ دست اندازی ہے اور پولیس عدالت کے احکامات کے بغیر یہ دفعہ شامل نہیں کر سکتی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ دہشت گردی کے علاوہ ساری دفعات قابلِ ضمانت ہیں۔ پولیس نے اب ہر دس دن بعد ایک نئی دفعہ شامل کر لینی ہے۔
وکیل بابر اعوان نے عدالت سے ضمانت میں توسیع کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
ملک ڈوب رہا تھا اور پی ٹی آئی والے سازش کرنا چاہ رہے تھے: شاہد خاقان عباسی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے پاکستان تحریک انصاف دور کے وزیرِ خزانہ شوکت ترین کی مبینہ لیک آڈیو کے بارے میں کہا کہ جب ملک ڈوب رہا تھا تو آپ ملک کے خلاف سازش کرنا چاہ رہے تھے۔
اسلام آباد میں جمعرات کو پریس کانفرنس میں شاہد خاقان عباسی کا پی ٹی آئی رہنماؤں کے حوالے سے کہا کہ آپ پاکستان کی معیشت تباہ کرنا چاہتے تھے۔ یہ پاکستان کی سیاسی قیادت کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کے لیے بہت وقت پڑا ہے لیکن اب بات ملک کی ہونی چاہیے۔ پاکستان خلاف سازش نہیں کرنی چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ عمران خان کی سوچ ملک دشمن اور ناکارہ تھی، عمران خان کو ان تمام سوالوں کے جواب دینا پڑیں گے۔