عمران خان کو فراہم کی گئی ڈھیل سے مسلم لیگ سے ناانصافیاں عیاں ہوگئیں: مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ عمران خان کو فراہم کردہ ڈھیل اور سہولیات سے نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) سے ہونے والی ناانصافیاں اور زیادتیاں ایک بار پھر قوم کے سامنے عیاں ہوگئی ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے بعد ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ تزارو سیدھا نہیں ہوسکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ''اصل میں توہین کی سزا جج زیبا کو ہونی چاہیے جنہوں نے انصاف کرکے عمران خان کی شان میں گستاخی کی تھی۔''
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ
حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمت 235 روپے 98 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 247 روپے 43 پیسے ہو گئی ہے۔
حکومتی اعلان کے مطابق پیٹرول دو روپے سات پیسے، لائٹ ڈیزل 9 روپے 79 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل دو روپے 99 پیسے اور
مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے 92 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔
مٹی کے تیل کی نئی قیمت 210 روپے 32 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے جب کہ لائٹ ڈیزل 201 روپے 54 پیسے میں دستیاب ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کیا گیا ہے جس پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب 16 کروڑ ڈالر قرض کی قسط مل گئی
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے ایک ارب 16 کروڑ ڈالر قرض کی قسط موصول ہو گئی ہے جس کے بعد ملک کے زرِ مبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔
اسٹیٹ بینک نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے قرض کی منظوری دی جس کے بعد معاہدے کے تحت پاکستان کو ساتویں اور آٹھویں قسط جاری کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آئی ایم ایف کی قسط ملنے کے بعد دیگر بین الاقوامی ذرائع سے بھی مدد لینے میں آسانی ہو گی۔
عمران خان انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں 12 بجے تک طلب
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو جمعرات کو دن 12 بجے طلب کرلیا ہے۔
عدالت نے عمران خان کو آج طلب کر رکھا ہے۔ ان کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے تو انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کی جان کو خطرہ ہے اس لیے وہ عدالت نہیں آئے۔
انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے جب عمران خان کو ضمانت دی تو ان کا فرض تھا کہ وہ عدالت میں پیش ہوتے۔ یہ بتائیں کہ انہیں کون سا خطرہ ہے؟
اس موقع پر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں لیکن پولیس نے متنبہ کیا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔
تاہم عدالت نے عمران خان کو آج ہی 12 بجے پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔