رسائی کے لنکس

پشاور: دھماکے میں تین مشتبہ دہشت گرد مارے گئے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پشاور اور خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں حالیہ دنوں میں ایک بار پھر پرتشدد واقعات دیکھنے میں آچکے ہیں۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبرپختونخوا کے مرکزی شہر پشاور میں جمعہ کی صبح ہونے والے دھماکے میں تین مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ سفید سنگ روڈ پر پیش آیا اور ابتدائی تفتیش کے مطابق یہاں موٹرسائیکل پر سوار تین مشتبہ دہشت گردوں کے پاس موجود خودکش جیکٹ میں دھماکا ہوا۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر خودکش حملہ آور کو کسی حملے کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔

دھماکے سے موٹرسائیکل پر سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس نے جائے وقوع سے خودکار بندوق، دستی بم اور ایک خودکش جیکٹ برآمد کرنے کا بتایا ہے۔

پشاور اور خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں حالیہ دنوں میں ایک بار پھر پرتشدد واقعات دیکھنے میں آچکے ہیں۔

دو روز قبل ہی پشاور کے علاقے اسلم ڈھیری میں مختصر وقفے سے دو بم دھماکے ہوئے تھے جس میں ایک پولیس اہلکار مارا گیا جب کہ 17 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔

قبائلی علاقوں سے ملحق ہونے کی وجہ سے خیبرپختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

جون 2014ء میں قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد ماضی کی نسبت امن و امان کی مجموعی صورتحال میں بہتری دیکھی جا رہی تھی لیکن رواں سال کے اوائل سے ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گرد واقعات میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا۔

حکام ان واقعات کو شدت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا ردعمل قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

XS
SM
MD
LG