رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی سیریز: مسلسل دو شکستوں کے بعد پاکستان ٹیم میں تین تبدیلیاں


نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے ابتدائی دو میچز میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے تیسرے میچ کے لیے ٹیم میں تین تبدیلیاں کر دی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بدھ کو کھیلے جانے والے تیسرے میچ کے لیے گیارہ رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں بالنگ لائن میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

ابتدائی دو میچز کھیلنے والے فاسٹ بالر عامر جمال، عباس آفریدی اور اسپنر اسامہ میر نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا میچ نہیں کھیلیں گے جب کہ ان کی جگہ محمد وسیم جونیئر، زمان خان اور محمد نواز ایکشن میں نظر آئیں گے۔

پی سی بی نے عامر جمال اور اسامہ میر کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ سے باہر کرنے کی کوئی وجہ تو نہیں بتائی۔ البتہ فاسٹ بالر عباس آفریدی سے متعلق پی سی بی کا کہنا ہے کہ انہیں پیٹ کے مسلسل کھچاؤ کی وجہ سے آرام دیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ڈنیڈن میں کھیلا جانے والا تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ اس اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے کہ اگر کیویز ٹیم نے کامیابی حاصل کی تو سیریز پاکستان کے ساتھ سے نکل جائے گی۔ میزبان ٹیم کو پانچ میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے۔

نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 46 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی جب کہ گرین شرٹس کو دوسرے میچ میں 21 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

گرین شرٹس نے سیریز میں واپس آنے کے لیے بیٹنگ لائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

نوجوان بلے باز صائم ایوب اور نائب کپتان محمد رضوان ہی اننگز کا آغاز کریں گے۔

سابق کپتان بابر اعظم ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلیں گے جب کہ سابق اوپنر فخر زمان چوتھی پوزیشن پر بیٹنگ کے لیے آئیں گے۔

مڈل آرڈر میں پاکستان کے پاس افتخار احمد اور وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان ہیں۔ لیکن دونوں ہی گزشتہ میچز میں کوئی خاص پر فارمنس نہیں دکھا سکے ہیں۔

آل راؤنڈر پوزیشن کا خلا پر کرنے کے لیے محمد نواز موجود ہوں گے جب کہ کپتان شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر اور حارث رؤف بھی بیٹنگ کر لیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG