رسائی کے لنکس

ہانگ کانگ کے منفرد اور فریب نظر کیک، جو دیکھنے میں کسی اور چیز جیسے ہیں


ہانگ کانگ کی ایک بیکری کے منفرد کیک ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو رہے ہیں جو دیکھنے میں کسی اور چیز جیسے لگتے ہیں۔
ہانگ کانگ کی ایک بیکری کے منفرد کیک ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو رہے ہیں جو دیکھنے میں کسی اور چیز جیسے لگتے ہیں۔

سوچئے آپ کو اس وقت کیسا لگے گا جب آپ کیلا کھانے کے لیے ہاتھ بڑھائیں اور وہ کیک نکلے؟ یقیناً آپ کے لیے یہ سرپرائز ہی ہو گا۔

ہانگ کانگ کی ایک بیکری کچھ ایسے ہی کیک بنا کر لوگوں کو خوش کر رہی ہے جس سے اس کا کاروبار بھی بڑھ رہا ہے اور مقبولیت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کا کہنا ہے کہ بیکری کے مالکان نے کرونا وبا کی وجہ سے بری طرح متاثر اپنے کاروبار کو بحال کرنے کے لیے کچھ الگ کرنے کی ٹھانی اور ایسے کیک بنانے شروع کیے۔ جسے آپ کوئی پھل سمجھ کر اٹھاتے ہیں، اور جب آپ اسے منہ میں ڈالتے ہیں تو پتا چلتا ہے کہ یہ تو کیک ہے۔

ہانگ کانگ کے 'ڈیئر ہارلی کیک اسٹوڈیو' کے تیار کردہ 'اِلوژن کیک' نے کرونا وائرس سے متاثرہ کاروبار کی بحالی کے ساتھ ساتھ اس کی شہرت کو چار چاند لگا دیے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب اس کے تیار کردہ کیک کے چرچے ہر سو ہیں۔

'ڈیئرہارلی کیک اسٹوڈیو' کے بانی الیسن چن اور کونی لام کے مطابق انہوں نے اپنے بھتیجے کے لیے، جسے کیلے بہت پسند ہیں، اس کی سالگرہ پر کیلے کی شکل کا کیک بنایا تو انہیں خیال آیا کہ کیوں نہ مختلف چیزوں کی شکل کے کیک بنا کر فروخت کیے جائیں۔

ان کے مطابق انہوں نے کچھ کیک تیار کیے اور سوشل میڈیا پر انہیں پیش کر دیا۔ وہ لوگوں کو اتنے پسند آئے کہ گاہکوں کی ایک بڑی تعداد نے ان کی دکان کا رخ کر لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کیک کو 'اِلوژن کیک' کا نام دیا ہے۔ جس کی شکل تو کچھ ہوتی ہے لیکن ذائقہ کیک کا ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ آئیڈیا اتنا کارگر ثابت ہوا کہ ہمارا کاروبار کرونا وائرس کی موجودگی کے باوجود چمک اٹھا۔

اب بیکری فلپ فلاپ سے لے کر ڈش اسپنچ تک ہر طرح کی شکل کے کیک بنا رہی ہے۔

مارچ اور اپریل کے دوران کرونا بحران کے دنوں میں بیکری کو ہفتہ وار 2 سے 3 کیک بنانے کے آرڈر ملتے تھے۔ لیکن اب ہر ہفتے میں 15 سے 20 کیک کے آرڈرز مل رہے ہیں۔

اِلوژن کیک کی قیمت 1500 ہانگ کانگ ڈالرز یعنی 194 امریکی ڈالر تک ہے۔ جب کہ بعض کیک 12 سے 13 ہزار ہانگ کانگ ڈالرز میں بھی فروخت کیے جا رہے ہیں۔

یہی نہیں بلکہ 'ڈیئر ہارلی کیک اسٹوڈیو' نے خاص کیک بنانے کا طریقہ سکھانے کی تربیت کے لیے کلاسز بھی شروع کر دی ہیں۔ جن میں بیکنگ کے شوقین افراد ذوق و شوق سے شریک ہو رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG