رسائی کے لنکس

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کے چھاپے میں 10 فلسطینی ہلاک، متعدد زخمی


اسرائیلی فورسز کی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلوس پر چڑھائی کے دوران فلسطینی عسکریت پسندوں سے جھڑپیں۔ فوٹو رائٹرز22فروری 2023
اسرائیلی فورسز کی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلوس پر چڑھائی کے دوران فلسطینی عسکریت پسندوں سے جھڑپیں۔ فوٹو رائٹرز22فروری 2023

فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے بدھ کے روز زیر قبضہ مغربی کنارے کے شہر نابلوس پر ایک چھاپے میں 10 فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا، جب کہ 80 سے زائد گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے

اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ان کا ہدف ،مشتبہ عسکریت پسندوں کو پکڑنا تھا ،جو مغربی کنارے کے ایک اپارٹمنٹ میں چھپے ہوئے تھے ۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ فوجیوں پر فائرنگ کی گئی لیکن ان کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اعلیٰ فلسطینی اہلکار حسین الشیخ نے اس کارروائی کو قتل عام قرار دیتے ہوئے اپنے لوگوں کے لیے بین الاقوامی تحفظ کا مطالبہ کیا۔

گزشتہ ماہ ،شمال میں واقع علاقے جنین میں بھی اسرائیلی فوج کے چھاپے میں اتنے ہی فلسطینی موت کا شکار ہوئے تھے ، جسے 2005 کے بعد سے مغربی کنارے کی سب سے مہلک کارروائی قرار دیا گیا تھا۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ مشتبہ افراد میں سے ایک کو اس وقت گولی مار ی گئی جب وہ فرار ہو رہا تھا، جب کہ دو دیگر کو گھر کے اندر ہی مار دیا گیا۔

فوج کے ترجمان رچرڈ ہیچٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ کچھ مواقع پر مشتبہ افراد اور اسرائیلی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور پھر فوج کی طرف سے گھر پر راکٹ بھی فائر کیے گئے۔

فلسطینی نابلوس میں اسرائیل کی ایک۔ فوجی گاڑی پر پتھراؤ کر رہے ہیں۔ 14 دسمبر 2022
فلسطینی نابلوس میں اسرائیل کی ایک۔ فوجی گاڑی پر پتھراؤ کر رہے ہیں۔ 14 دسمبر 2022

فوج نے اس سے پہلے ایک بیان میں کہا تھا کہ فوجیوں پر پتھر، دھماکہ خیز آلات اور بوتلیں پھینکی گئیں۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ نابلوس پر قابض فوج کی جارحیت کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی عمریں 16 سے 72 سال کے درمیان تھیں۔انہوں نے بتایا کہ 82 افراد گولیوں سے زخمی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔

ایک شہری نے اے ایف پی کو بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں فلسطینی ٹی وی کے صحافی محمد الخطیب بھی شامل ہیں، جنہیں ہاتھ میں گولی لگی تھی۔

اسلامی جہاد عسکریت پسند گروپ کا کہنا تھا کہ اس کا ایک کمانڈر اسرائیلی قابض فوج اور اس کی خصوصی افواج کے خلاف ایک بہادرانہ جنگ میں مارا گیا۔

جنگجوؤں کے ایک مقامی بینڈ دی لائنز ڈین نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے چھ مختلف دھڑوں کے عسکریت پسند تھے۔

اے ایف پی کے ایک صحافی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے تین گھنٹے کے بعد شہر کا محاصرہ ختم کر دیا۔

فلسطینی امور کے لیے عرب لیگ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل سعید ابو علی نے کہا کہ ،قابض حکام اور انتہائی دائیں بازو کی اسرائیلی حکومت اس خوفناک قتل عام کے لیے ذمہ دار ہے۔ انہوں نے اس چھاپے کو ایک گھناؤنا جرم قرار دیا ہے۔

فلسطینوں کی ہلاکتوں کا یہ تازہ ترین واقعہ ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب اس سے پہلے ، مشرق وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے امن مندوب ٹور وینز لینڈ کی طرف سے تشدد کو فوری طور پر روکنے کی اپیل کی گئی تھی۔

انہوں نے پیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ اگر ہم موجودہ عدم استحکام سے نمٹنے میں ناکام رہتے ہیں تو ہمیں سنگین نتائج کا انتظار کرنا چاہئے۔

اس سال کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیل-فلسطینی تنازعہ میں عسکریت پسندوں اور شہریوں سمیت 59 فلسطینی بالغ افراد اور بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔

اے ایف پی کا کہنا ہے کہ دونوں اطراف کے سرکاری ذرائع پر مبنی اعداد و شمار کےمطابق اسی عرصے کے دوران 9 اسرائیلی شہری، جن میں تین بچے، ایک یوکرینی شہری اور ایک پولیس افسر شامل ہیں ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے ہفتے کے روز اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور فلسطینی صدر محمود عباس سے الگ الگ بات کی، اور دونوں پر زور دیا کہ وہ امن بحال کریں۔

اسرائیل نے فلسطینی سرزمین پر1967 کی چھ روزہ جنگ کے بعد سے قبضہ کر رکھا ہے۔

اقوام متحدہ نے سن2005 کے بعد سے ،جب سے ہلاکتوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کا آغاز کیاہے ، گزشتہ سال اس علاقے کا سب سے مہلک سال تھا۔

خبر کا کچھ مواد اے ایف پی سے لیا گیا

XS
SM
MD
LG