پاکستان نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں زمبابوے کو 26 رنز سے شکست دے دی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے زمبابوے کو میچ میں جیت کے لیے 282 رنز کا ہدف دیا تھا۔ البتہ زمبابوے کی ٹیم میچ کے آخری اوور میں آؤٹ ہو گئی۔
زمبابوے کے برینڈن ٹیلر میچ کے سب سے کامیاب بلے باز رہے انہوں نے 116 گیندوں پر 112 رنز بنائے البتہ ان کی سینچری زمبابوے کو کامیاب نہ کر سکی۔ تاہم وہ مین آف دی میچ قرار پائے۔ برینڈن ٹیلر کے بعد سب سے زیادہ ویسلے مدیور نے 55 رنز بنائے۔ جب کہ کریگ ایرون 41 رنز بنا سکے۔
زمبابوے کے چھ کھلاڑی 10 سے بھی کم رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ زمبابوے نے 49.4 اوورز میں 255 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 49 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ یہ دوسری بار ہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک روزہ کرکٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
پاکستان کی طرف سے دوسرے کامیاب ترین باؤلر وہاب ریاض رہے۔ جنہوں نے9.4 اوورز میں 41 رنز دے کر 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔
عماد وسیم 10 اوورز میں 49 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مقررہ 50 اوورز میں گرین شرٹس نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔
اوپننگ بلے باز امام الحق اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 47 رنز کی شراکت قائم کی۔ عابد علی 21 رنز بنا کر چارل ممبا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز کپتان بابر اعظم تھے جو صرف 19 رنز بنا سکے جب کہ امام الحق بھی 58 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں دو چھکے اور چھ چوکے بھی لگائے۔
افتخار احمد 12، محمد رضوان 14، فہیم اشرف 23 اور وہاب ریاض آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
عماد وسیم 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے بھی آٹھ رنز کی اننگز کھیلی۔
زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ اور چیسورو نے دو دو جب کہ سکندر رضا اور کارل ممبا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ میزبان پاکستان کی ٹیم لگ بھگ 13 ماہ بعد پہلی مرتبہ ون ڈے میچ کھیل رہی ہے جب کہ زمبابوے کی ٹیم بھی مارچ کے بعد پہلی مرتبہ کسی ٹیم کے خلاف میچ کھیل رہی ہے۔
دونوں ٹیموں کی گزشتہ پانچ میچز کی کارکرگی کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان نے تمام پانچ میچز میں کامیابی حاصل کی جب کہ زمبابوے کی ٹیم کو تمام پانچ میچز میں شکست ہوئی تھی۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ون ڈے سیریز اس لیے بھی اہم ہے کیوں کہ سیریز جیتنے والی ٹیم کو ملنے والے پوائنٹس ورلڈ کپ 2023 کے لیے کوالیفائی کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ اپنے خلاف کسی بھی ٹیم کو ہلکا نہیں لیں گے۔ ہمیں زمبابوے کے خلاف سیریز کا چیلنج درپیش ہے اور اسے سنجیدہ لیں گے۔
زمبابوے کے کپتان چامو چیباہا نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز کا ہر میچ ہمارے لیے اہمیت کا حامل ہے اور تمام کھلاڑی ایک ٹیم بن کر مقابلے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان ٹیم امام الحق، عابد علی، کپتان بابر اعظم، حارث سہیل، محمد رضوان، افتخار احمد، فہیم اشرف، وہاب ریاض، عماد وسیم، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل تھی۔
اسی طرح زمبابوے کی ٹیم میں سکندر رضا، برین چاری، کپتان چامو چیباہا، ٹینڈو چیسورو، کریگ ایرون، ویسلے مدیور، کارل ممبا، بلیسنگ مزرابانی، رچرڈ نگراوا، برینڈن ٹیلر اور سین ولیم شامل تھے۔