رسائی کے لنکس

امریکی میوزیکل بینڈ پاکستان میں


ایک ایسے وقت میں جب پاکستان اور امریکہ کے درمیان سیاسی و سفارتی سطح پر تعلقات تناوٴ کا شکار ہیں وہاں امریکی حکومت کی جانب سے دونوں ممالک کے فنکاروں اور عوام کو ثقافتی تبادلوں کے پروگراموں کے ذریعے قریب لانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

حال ہی امریکی ریاست نیو آرلینز سے تعلق رکھنے والے اسٹوجز براس بینڈ ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے اور مختلف شہروں میں کنسرٹس کے علاوہ پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ ورکشاپس میں بھی مصروف ہیں ۔

جمعرات کو کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں اس بینڈ نے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ مل کر اپنے فن کا مظاہرے کیا جسے وہاں موجود شائقین داد دئیے بغیر نہ رہ سکے ۔

جان پرکنز
جان پرکنز

جان پرکنز ٹرمپٹ بجاتے ہیں اور سال 2001 ء سے اسٹوجزبراس بینڈ کے ساتھ ہیں ۔ وہ بزنس مین ہیں لیکن ساتھ ہی بطور میوزیشن اپنا کریئر بنانا چاہتے ہیں۔ جان پہلی مرتبہ پاکستان آئے ہیں ۔ وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے جان پرکنز کا کہنا تھا کہ انھوں نے پاکستان کے بارے میں جو کچھ پڑھا اور سنا ، یہاں آکر اسے مختلف پایا۔’’ مجھے یوں لگا ہے کہ ایک فیملی میں آیا ہوں ۔ جب بھی میں پرفارم کرتا ہوں لوگوں کو اچھا لگتا ہے اور وہ مزید سننا چاہتے ہیں ۔ ‘‘

جان پاکستان میں لوگوں کی مسکراہٹ سے بہت متاثر ہیں ۔ وہ کہتے ہیں کہ یہاں مشکل حالات کے باوجود بھی لوگ آپ کو مسکراتے نظر آتے ہیں اور’’ یہ بات مجھے بہت متاثر کرتی ہے۔ میں جب واپس جاؤں گا تو میرے پاس لوگوں کو بتانے کے لیے اچھی باتیں ہوں گی۔ ‘‘

تاہم یہ کنسرٹ اس وقت اپنے عروج پر پہنچا جب اسٹوجز براس بینڈ نے نوجوان پاکستانی فنکار آصف سنان کے ساتھ مل کر جنون گروپ کا ایک معروف گیت ” یارو یہی دوستی ہے “ گایا اور وہاں موجود نوجوان جھوم اٹھے۔ جان پرکنز اور آصف سنان دونوں ہی اسے ایک خوش گوار تجربہ کہتے ہیں ۔

آصف سنان
آصف سنان

آصف سنان نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ گانا ہم سنتے رہتے ہیں لیکن اس دفعہ اسے گا کے بہت خوشی ہوئی ہے ۔ وہ کہتے ہیں کہ سیاسی مسائل چلتے رہتے ہیں ضرورت ہے کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں ۔

امریکی فنکار جان پرکنز کا کہنا ہے کہ موسیقی کائناتی زبان کا درجہ رکھتی ہے اور ہر ایک کو وقت نکال کر اسے سیکھنا چائیے ۔ ” یہ آپ کو نئی بلندیوں پرلے جاتی ہے۔ میں امریکہ سے یہاں بحیثیت جان پرکنز ایک شخص نہیں بلکہ جان پرکنز ایک موسیقار کی حیثیت سے آیا ہوں اور یہی چاہتا ہوں کہ ہر کوئی موسیقی کے رشتے میں بندھے ۔ “

XS
SM
MD
LG