رسائی کے لنکس

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ’پاکستان بناؤ‘ سرٹیفیکیٹ جاری


پاکستان بناؤ سرٹیفیکیٹ سے متعلق پمفلٹ
پاکستان بناؤ سرٹیفیکیٹ سے متعلق پمفلٹ

پاکستان میں بیرون ملک سے سرمایہ کاری اور رقم لانے کے لیے “پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ”کا اجرا کر دیا گیا ہے۔ یہ سرٹیفکیٹ بیرون ملک مقیم پاکستانی خرید سکتے ہیں جن پر 6.25 سے 6.75 فیصد تک منافع دیا جائے گا۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ان سرٹیفکیٹس کا اجرا کر دیا ہے۔ اس موقع پر اسلام آباد میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ’پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ‘ سے منافع کما سکتے ہیں اور ملک کی مدد کر سکتے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا ’پاکستان بناؤ‘ سرٹیفکیٹ کا اجرا اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ہے۔ یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کے سبز پاسپورٹ کی دنیا میں ہر جگہ عزت ہو گی۔ اوورسیز پاکستانیوں سے کہوں گا کہ روپیہ لینا ڈالر نہ لینا۔‘ اوورسیز پاکستانی روپے سے سرٹیفکیٹ خریدیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سفارت کاروں کی اوورسیز پاکستانیوں کو سہولتیں دینے کے لیے ٹریننگ کر رہے ہیں۔ کوشش کریں گے اوورسیز پاکستانی بینکنگ چینل سے پیسے بھیجیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ بھی اوورسیز پاکستانی رہ چکے ہیں۔ اوورسیز پاکستانی دو دو نوکریاں اور ڈبل شفٹ کرتے ہیں۔ ان میں ملک کی قدر بہت زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف آسان راستہ ہے مگر ان کی شرائط مشکل ہیں۔ مزید مہنگائی ہوتی اگر یہ قدم نہ اٹھاتے۔ بیلنس آف کرائسسز ابھی ختم نہیں بلکہ بہتر ہوا ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر ملک کی سابق قیادت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا یہ حشر کرپشن، بد انتظامی اور نا اہل قیادت کی وجہ سے ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی میں 42 ارب ڈالر، ملائیشیا میں 22 ارب ڈالر کی سیاحت ہوتی ہے۔ پاکستان کے پاس جو سیاحتی مقامات کی موجودگی کے باوجود سیاحوں کے لیے آسانیاں پیدا نہیں کی گئیں۔

پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اکاؤنٹس بنائے جائیں گے جن میں کی گئی سرمایہ کاری پر ہر 6 ماہ بعد منافع دیا جائے گا۔ اس منافع پر زکوۃ اور ودہولڈنگ ٹیکس لاگو نہیں ہو گا۔ وزارت خزانہ کے مطابق قومی شناختی کارڈ، نائیکوپ یا پی او سی رکھنے والے ایسے پاکستانی جن کے بیرون ملک بینک اکاؤنٹس ہیں اس منصوبہ میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔ یہ سرٹیفکیٹ دو مختلف مدتوں کے لیے جاری کیے جائیں گے جن میں تین سال کے سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 6.25 فیصداور پانچ سال پر شرح منافع 6.75 فیصد ہو گی۔

ان سرٹیفکیٹس پر کم سے کم سرمایہ کاری 5 ہزار ڈالر کی ہو گی اور زیادہ کی کوئی حد نہیں ہے۔ ان سرٹیفکیٹس کی قبل از وقت انکیشمنٹ پر کوئی جرمانہ نہیں ہو گا اور وہ کسی بھی وقت کیش کروائے جا سکتے ہیں۔

پاکستان میں بیرون ملک سے براہ راست سرمایہ کاری کے لیے یہ پہلی مرتبہ ایسی کوشش نہیں ہے۔ ماضی میں پاکستان نے غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں کمی پر قابو پانے کے لئے سکوک اور یورو بانڈز جاری کیے تھے۔

’پاکستان بناؤ‘ سرٹیفکیٹ کے اجرا سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو راغب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہو رہے ہیں اور دوست ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے آنے والے آسان قرضے بھی اب تک معیشت میں کوئی بہتری نہیں لا سکے ہیں۔

--------------------------------------------------------------------------------------

وائس آف امریکہ اردو کی سمارٹ فون ایپ ڈاون لوڈ کریں اور حاصل کریں تازہ تریں خبریں، ان پر تبصرے اور رپورٹیں اپنے موبائل فون پر۔

ڈاون لوڈ کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

اینڈرایڈ فون کے لیے: https://play.google.com/store/apps/details?id=com.voanews.voaur&hl=en

آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے: https://itunes.apple.com/us/app/%D9%88%DB%8C-%D8%A7%D9%88-%D8%A7%DB%92-%D8%A7%D8%B1%D8%AF%D9%88/id1405181675

XS
SM
MD
LG