رسائی کے لنکس

پاکستان: 1500 کلو میٹر تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ


فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے ایک بیان کے مطابق درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے یہ میزائل روایتی اور جوہری ہتھیار اپنے ہدف تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جمعرات کو جوہری ہتھیار اپنے ہدف تک لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے بیلسٹک میزائل شاہین دوئم (حتف چھ) کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے ایک بیان کے مطابق درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا یہ میزائل روایتی اور جوہری ہتھیار اپنے ہدف تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بیان کے مطابق یہ میزائل 1500 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ میزائل کس مقام سے فائر کیا گیا۔

پاکستان کے اسٹریٹیجک پلان ڈویژن کے سربراہ لفٹینٹ جنرل زبیر محمود حیات نے میزائل تجربے کے بعد فوجیوں سے خطاب میں اُن کی آپریشنل تیاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اس کے کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں۔

بیان کے مطابق لفٹیننٹ جنرل زبیر محمود نے کہا کہ پاکستان کی فورسز کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بیلسٹک میزائل کا یہ تجربہ میزائل ٹیکنالوجی کے موجودہ معیار اور تکنیکی پہلوؤں میں بہتری کا جائزہ لینے کے لیے کیا گیا ہے۔

پاکستانی عہدیدار یہ کہتے آئے ہیں کہ اس کا میزائل نظام ملکی دفاع کے لیے ہے۔

ماضی میں میزائل تجربات پاکستان اور اس کے پڑوسی ملک بھارت کے درمیان تناؤ کا باعث بنتے رہے ہیں لیکن دونوں ملکوں کے درمیان ایسے تجربات سے متعلق پیشگی اطلاع کا نظام وضع کیے جانے کے بعد سے یہ معمول کی کارروائی کی حیثیت اختیار کر گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG