رسائی کے لنکس

دہشت گردی کے خلاف ہر شخص اپنا کردار ادا کرے:کائرہ


وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ
وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ

وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے اس تاثر کو رد کیا کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت کے پاس کوئی واضح حکمت عملی نہیں ہے۔

وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں اس تاثر کو رد کیا کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت کے پاس کوئی واضح حکمت عملی نہیں ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ موثر منصوبہ بندی اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں سے سوات، مالاکنڈ اور قبائلی علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کر کے وہاں حکومت کی عمل داری کو بحال کیا گیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ انتہا پسندانہ سوچ کے خلاف جنگ میں کامیابی اسی صورت ممکن ہے جب معاشرے کے تمام طبقے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے حکومت اور فوج کا بھرپور ساتھ دیں۔

حال ہی میں ملک میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ایک مرتبہ پھر تیزی آئی ہے اور گزشتہ ایک مہینے کے دوران پشاور کے ہوائی اڈے پر طالبان جنگجوؤں کے مربوط حملوں کے علاوہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے سینیئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور اور بلوچستان میں 19 زائرین کو پرتشدد حملوں میں ہلاک کر دیا گیا۔

ان واقعات کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کے مطالبات میں بھی تیزی آئی۔

لیکن گزشتہ ہفتے طالبان نے حکومت سے مذاکرات کی مشروط پیشکش بھی کی تھی تاہم اس کے لیے ایسی کڑی شرائط عائد کی گئیں جن کے ہوتے ہوئے مبصرین کے خیال میں بات چیت ممکن نہیں۔

طالبان نے اپنے بیان میں جہاں پاکستان میں جمہوری نظام کو ہدف تنقید بنایا تھا وہیں، اسلام آباد کو واشنگٹن سے روابط ختم کرنے کی بھی شرط عائد کی تھی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ وہ مذاکرات چاہتی ہے لیکن اس کے لیے جنگجوؤں کو دہشت گردی کی راہ ترک کرنا ہو گی۔
XS
SM
MD
LG