رسائی کے لنکس

پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے سروے کا آغاز


پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے سروے کا آغاز
پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے سروے کا آغاز

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) اور حکومت پاکستان نے ملک میں مقیم لاکھوں افغان مہاجرین سے متعلق ایک سروے کا آغاز کیا ہے۔

یو این ایچ سی آر کی طرف سے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے سروے سے 30 سال سے زائد عرصے سے پاکستان میں پناہ گزین افغانوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے وضع کی جانے والی حکومتی پالیسیوں اور دیگر پروگراموں پر اپنی رائے کا اظہار کا موقع ملے گا۔

اس کا مقصد تقریباً 20 لاکھ پناہ گزینوں کو درپیش چیلنجز اور ملکی معیشت میں ان کے کردار سے متعلق تفصیلی معلومات جمع کرنا ہے۔

رواں سال کے آخر تک جاری رہنے والے اس سروے میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے 25 ضلع میں مقیم پناہ گزینوں سے معلومات جمع کی جائیں گی۔ کوائف جمع کرنے کے لیے مرد اور خاتون پر مشتمل دو رکنی ٹیمیں افغان آبادی والے علاقوں میں گھر گھر جا کر معلومات اکٹھی کریں گی۔

یواین ایچ سی آر کے عہدیداروں کا کہنا ہے یہ سروے پاکستان میں مقیم افغانوں کو یہ موقع فراہم کرے گا کہ وہ صحت، روزگار اور سماجی زندگی سے متعلق سوالات کا جواب دے کر اپنی آواز متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں۔

بیان کے مطابق اس سروے میں جمع کئی گئی معلومات سے حکومت پاکستان کے پناہ گزینوں سے متلعق محکموں کو آگاہ کیا جائے گا جو کہ ملک میں افغان مہاجرین کے قیام کے متبادل انتظامات متعارف کرائیں گے۔

پاکستان میں مقیم افغانوں کے کوائف کی بنیاد پر حکومت پاکستان کو ان پناہ گزینوں کی وطن واپسی اور 2012ء کے اختتام پر ان کو ملک میں کام کرنے کے لیے ویزوں کے اجراء کے بارے اپنی پالیسی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

XS
SM
MD
LG