پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی تیاریاں جاری
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی تیاریاں جاری ہیں۔
اسلام آباد میں اس اجلاس کے حوالے سے ہزاروں سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف درخواست پر سماعت
لاہور ہائی کورٹ میں پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت پیر کو ہوئی ہے۔
جسٹس ندیم ارشد نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار شہری نجی اللہ کے وکیل اظہر صدیق نے دلائل دیے۔
عدالت نے دفعہ 144 کے نفاذ کے تناظر میں ہونے والے مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
عدالت نے کیس کی سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔
ڈی چوک پر احتجاج، پی ٹی آئی کا اجلاس آج ہوگا
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کل اسلام آباد کے ڈی چوک پر اعلان کردہ احتجاج سے متعلق اجلاس آج ہوگا۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے آج تین بجے پشاور میں وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں اہم اجلاس طلب کیا ہے۔
مختلف سیاسی جماعتوں نے پی ٹی آئی سے احتجاج مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ اگر ان کے رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات کرا دی جائے تو وہ ڈی چوک پر اپنا احتجاج مؤخر کر سکتے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ کی پشتون جرگے کی تجاویز پر عمل در آمد کی یقین دہانی
خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وہ صوبے کے وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے وہ آئین اور قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے پختون قومی جرگے کی تجاویز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جو مطالبات صوبائی حکومت کے دائرہ کار میں نہیں ہیں اُن کو متعلقہ وفاقی حُکام کے سامنے اٹھایا جائے گا۔ وفاق اور دیگرحکام کے ساتھ بیٹھ کر اِن مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ جمرود میں تین دن سے جاری پختون قومی جرگہ اتوار کی شب ختم ہوا ہے۔ اس جرگے کی منتظم پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) تھی۔