رسائی کے لنکس

مہمند ایجنسی: عسکریت پسندوں کے حملے میں دو لیویز اہلکار ہلاک


قبائلی انتظامیہ کے مطابق یہ حملہ اتوار کی شام تحصیل صافی میں ایک چوکی پر کیا گیا جس میں لیویز اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔

پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں شدت پسندوں کے حملے میں زخمی ہونے والے دو لیویز اہلکار اسپتال میں دم توڑ گئے ہیں۔

قبائلی انتظامیہ کے مطابق یہ حملہ اتوار کی شام تحصیل صافی میں ایک چوکی پر کیا گیا جس میں لیویز اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔

بتایا جاتا ہے کہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوئے گئے۔

زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نا ہو سکے۔

مہمند ایجنسی وفاق کے زیرانتظام سات قبائلی ایجنسیوں میں سے ایک ہے اور یہاں حالیہ مہینوں میں سکیورٹی فورسز کے علاوہ امن کمیٹی کے رضا کاروں اور قبائلی راہنماؤں پر عسکریت پسند حملے کرتے رہے ہیں۔

ستمبر کے وسط میں مہمند ایجنسی میں نماز جمعہ کے دوران ایک خودکش بم حملے میں کم از کم 36 افراد مارے گئے تھے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے علاوہ کئی دیگر شدت پسند گروہ بھی پاکستان کے قبائلی علاقوں میں بہت سرگرم رہے، لیکن 2014 میں پاکستانی فوج کی طرف سے شروع کیے گئے آپریشن ’ضرب عضب‘ کے بعد عسکری حکام کے مطابق دہشت گردوں کا ’نیٹ ورک‘ یا ڈھانچہ توڑ دیا گیا ہے۔

تاہم اب بھی عسکریت پسند موقع کی تلاش میں رہتے ہیں اور نا صرف قبائلی علاقوں بلکہ ملک کے شہروں میں بھی مہلک حملے کرتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG