پاکستان کے دو صوبوں پنجاب اور سندھ میں ہفتہ کو ہونے والے بلدیاتی انتخاب کے پہلے مرحلے کے غیر سرکاری نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں جس کے مطابق پنجاب میں مسلم لیگ (ن) جب کہ سندھ میں پاکستان پیپلزپارٹی کو سبقت حاصل ہے۔
تقریباً دس سال بعد منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پنجاب کے 12 اور سندھ کے آٹھ اضلاع میں ووٹ ڈالے گئے۔
اتوار کی صبح تک پنجاب میں 2696 نشستوں میں سے دو ہزار سے زائد نشستوں کے غیر حتمی نتائج کا اعلان ہو چکا تھا جن کے مطابق مسلم لیگ ن نے 1005 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی تھی۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار تھے جو 868 نشستوں پر کامیاب ہوئے۔ پاکستان تحریک انصاف کو 231، پاکستان پیپلز پارٹی کو 41، پاکستان مسلم لیگ (ق) کو 31 جب کہ جماعت اسلامی اور پاکستان عوامی تحریک کو دو، دو نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔
سندھ کے آٹھ اضلاع میں 1072 نشستوں میں سے اب تک پاکستان پیپلز پارٹی 569 پر کامیاب ہو کر آگے ہے جب کہ آزاد امیدواروں کے حصے میں 129 نشستیں آئیں۔ مسلم لیگ (فنکشنل) نے 61، متحدہ قومی موومنٹ اور پی ٹی آئی نے چار، چار اور مسلم لیگ ن نے تین نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
پولنگ کے روز کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا تھا لیکن پھر بھی مختلف علاقوں سے ہاتھا پائی اور مسلح تصادم کی خبریں سامنے آتی رہیں۔
سندھ کے علاقے خیر پور میں ایسے ہی تصادم سے کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ پنجاب کے دو مختلف علاقوں سے بھی مخالفین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے سے تین افراد کی ہلاکت کا بتایا گیا ہے۔