پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے محکمہ کسٹم کے پانچ اہلکار ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق کوہاٹ میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب مسلح افراد نے کسٹم اہلکاروں پر اُس وقت فائرنگ کی جب وہ معمول کی گشت پر تھے۔
حکام کے مطابق کم از کم تین حملہ آوروں نے محکمہ کسٹم کے عہدیداروں پر فائرنگ کی جس سے چار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ اُن کے ایک ساتھی نے اسپتال میں دم توڑا۔
رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
کسٹم حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکاروں کا تعلق کرک اور کوہاٹ کے اضلاع سے تھا۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت تو نہیں ہو سکی لیکن یہ دہشت گردی کا ایک واقعہ ہے۔ تاہم اس علاقے میں کسٹم کے عہدیداروں پر جرائم پیشہ عناصر بھی حملے کرتے رہے ہیں۔
مقامی سکیورٹی فورسز نے علاقے میں مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر رکھی ہے۔
کوہاٹ میں اس سے قبل بھی سکیورٹی فورسز اور سرکاری اہلکاروں پر شدت پسند حملے کرتے رہے ہیں۔