رسائی کے لنکس

فوج کسی دوسرے ملک نہیں بھیجیں گے: نواز شریف


وزیراعظم نواز شریف (فائل فوٹو)
وزیراعظم نواز شریف (فائل فوٹو)

وزیراعظم نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ بعض خلیجی ممالک نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ شام یا مشرق وسطیٰ کے کسی ملک میں اپنی مسلح افواج بھجوائے۔

وزیراعظم نواز شریف نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کیا ہے کہ پاکستانی افواج بحرین، سعودی عرب یا کسی دوسرے ملک میں بھیجی جا رہی ہیں۔

جمعرات کو میانوالی میں پاک فضائیہ کی ایک تقریب سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ نہ تو کسی ملک نے پاکستان سے افواج مانگی ہیں اور نہ ہی ایسا کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ بعض خلیجی ممالک نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ شام یا مشرق وسطیٰ کے کسی ملک میں اپنی مسلح افواج بھجوائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، کویت اور بحرین سمیت دوست ممالک کی قیادت کے پاکستان کے حالیہ دوروں کو کسی بھی قیاس آرائی سے منسلک نہیں کیا جانا چاہیئے۔

مقامی ذرائع ابلاغ میں مختلف سیاسی حلقوں کی جانب سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ خصوصاً سعودی عرب نے شام میں صدر بشار الاسد کے خلاف لڑائی کے لیے پاکستان سے فوجی معاونت کی درخواست کی ہے۔

ان قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دینے کے لیے پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ میں سعودی عرب کی طرف سے ڈیڑھ ارب ڈالر کی رقم مہیا کرنے کا تذکرہ بھی کیا جاتا رہا ہے۔

تاہم پاکستانی عہدیدار پہلے بھی ایسی اطلاعات اور خبروں کو محض قیاس آرائیاں قرار دے کر مسترد کرتے رہے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے سینیٹ کی کمیٹی کو بتایا تھا کہ سعودی عرب نے رقم بطور تحفہ دی اور اس کے عوض کسی طرح کی شرط عائد نہیں کی گئی۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کے رہنماؤں کے دورے اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان اور ان کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں اور ان کے بقول آنے والے دنوں میں ایسے مزید دورے ہوں گے۔

انھوں نے بحرین کے بادشاہ کے دورے کو پاکستان کے لیے مفید اور تعمیری قرار دیا۔

بحرین کے وزیرخارجہ خالد بن احمد نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے اور ان کا ملک چاہتا ہے کہ مزید شعبوں میں بھی دو طرفہ تعاون کو وسعت دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر مفاہمت کی چھ یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جب کہ دونوں ملکوں کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان تین معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

‘‘ہم نے توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت اور فنی تربیت کے شعبوں میں تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ہم اس دورے کو کامیاب دیکھتے ہیں۔’’

بحرین کے بادشاہ شیخ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے جمعرات کو پاکستان کا اپنا تین روزہ دورہ مکمل کیا۔ وہ گزشتہ چالیس میں بحرین کے پہلے بادشاہ ہیں جنہوں نے پاکستان کا دورہ کیا۔

نواز شریف حکومت نے پاکستان کو درپیش اقتصادی مشکلات پر قابو پانے کے لیے مشرق وسطیٰ کے ممالک کی قیادت سے رابطوں کو تیز کیا اور اس کا ایک مقصد ان ممالک میں بڑی تعداد میں موجود پاکستانیوں کے لیے سہولتوں کا حصول بھی ہے۔
XS
SM
MD
LG