رسائی کے لنکس

پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے تیاریاں مکمل: انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ کا امتحان


یہ پہلا موقع ہے کہ انگلش ٹیم پاکستان کے خلاف اس کی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ انگلش ٹیم پاکستان کے خلاف اس کی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سات میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ منگل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔

دونوں ٹیمیں مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے مدِ مقابل ہوں گی۔

شائقین جہاں میچ دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں وہیں یہ توقع کی جا رہی ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہو گی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ انگلش ٹیم پاکستان کے خلاف اس کی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے لیے یہ سیریز اس لیے بھی اہم ہے کہ گزشتہ برس گرین شرٹس نے ان کی قیادت میں سات میں سے چھ سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی۔ پاکستان کو واحد شکست انگلینڈ کے ہاتھوں انگلینڈ میں ہوئی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سات میچز میں سے چار میچز کی میزبانی کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم کرے گا جب کہ تین میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلےجائیں گے۔

ادھر سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو انجریز کا سامناہے۔ پاکستان کے اوپننگ بلے باز محمد رضوان گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہیں جس کی وجہ سے انہیں آرام دیا گیا ہے جب کہ فخر زمان کی جگہ شان مسعود کو آزمایا جا سکتا ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ نوجوان وکٹ کیپر محمد حارث کپتان بابر اعظم کے ساتھ اوپننگ کریں گے جب کہ شان مسعود ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلیں گے۔

شان مسعود کے لیے یہ میچ اس لیے بھی اہم ہو گا کیوں کہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو کریں گے۔

انگلینڈ کے خلاف پاکستان کا مڈل آرڈر توجہ کا مرکز ہو گا جس میں جارح مزاج بلے باز محمد آصف، افتخار احمد اور خوشدل شاہ شامل ہوں گے۔

پاکستانی ٹیم میں دو اسپنرز شاداب خان اور محمد نواز جب کہ تین فاسٹ بالرز حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد حسنین شامل ہوں گے۔

انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر بھی فٹنس مسائل کا شکار ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ ان کی جگہ معین علی ٹیم کی قیادت کریں گے جو اس سے قبل ویسٹ انڈیز اورآسٹریلیا کے خلاف دو دو میچز میں ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔

معین علی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل جوز بٹلر کی فٹنس پر کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہیں۔ اگر وہ جلد فٹ ہوگئے تو پاکستان کے خلاف آخری ایک یا دو میچز کھیل سکتے ہیں۔

انگلش ٹیم کے فاسٹ بالر ریس ٹاپلے، کرس ووکس اورمارک ووڈ بھی مکمل فٹ نہیں ہیں۔

دورۂ پاکستان سے قبل انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز، بھارت اور جنوبی افریقہ کےہاتھوں سیریز میں شکست ہوئی تھی۔ پاکستان نے بھی حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کھیلا ہے جس کے فائنل میں اسے سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

XS
SM
MD
LG