رسائی کے لنکس

انتخابی پوسٹر پر چیف جسٹس، آرمی چیف کی تصویر لگانے پر امیدوار نااہل


 پی ٹی آئی کے امیدوار ناصر چیمہ کا انتخابی پوسٹر
پی ٹی آئی کے امیدوار ناصر چیمہ کا انتخابی پوسٹر

الیکشن کمشن نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ ناصر چیمہ الیکشن نہیں لڑ سکتے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی پوسٹر پر چیف جسٹس ثاقب نثار اور آرمی چیف کی تصویر لگانے پر پی پی 53 گوجرانوالہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار ناصر چیمہ کو نااہل قرار دے دیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے پی پی 53 گوجرانوالہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار کے پوسٹر پر چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تصاوير لگانے کے معاملے کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی امیدوار ناصر چیمہ اور ان کے وکیل گوہر علی خان الیکشن کمشن کے سامنے پیش ہوئے۔

چوہدری ناصر چیمہ کے وکیل نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرایا جس میں کہا گیا تھا کہ یہ میری الیکشن مہم سے متعلق پوسٹر نہیں۔ پوسٹر پر آرمی چیف اور چیف جسٹس کی تصاوير ایڈٹ کی گئی ہیں۔ وکیل گوہر علی خان نے کہا کہ جسٹس اعجازالاحسن کے گھر پر فائرنگ کے بعد یہ پوسٹر ان کے حق میں لگایا گیا تھا۔

ممبر سندھ عبد الغفار سومرو نے استفسار کیا کہ جسٹس اعجاز الاحسن کی تصویر پوسٹر لگائی گئی ہے؟ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پہلے ناصر چیمہ نے کہا تھا کہ الیکشن شیڈول سے پہلے پوسٹر چھاپہ گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کیا فوج اور عدلیہ کو آپ کی ہمددردی کی ضرورت ہے؟

الیکشن کمشن نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ گھنٹوں کے بعد سنا دیا گیا۔ الیکشن کمشن نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ ناصر چیمہ الیکشن نہیں لڑ سکتے۔

گزشتہ سماعت پر چیف الیکشن کمشنر کے استفسار پر امیدوار تحریک انصاف ناصر چیمہ نے کہا کہ یہ اشتهار اور پوسٹرز الیکشن شیڈول جاری ہونے سے پہلے لگائے تھے۔ناصر چیمہ گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 80 سے انتخاب لڑنے کے خواہش مند تھے لیکن پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے انہیں پی پی 53 گوجرانوالہ کا ٹکٹ جاری کیا گیا تھا لیکن اب انہیں انتخابی عمل کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔

راول پنڈی کے حلقہ این اے 60 میں امیدوار شیخ رشید احمد کی درخواست پر ماں بچہ اسپتال کی تعمیر کے حوالے سے نوٹس کی سماعت کے بعد چیف جسٹس کے اسپتال کے مقام کے دورہ پر سوشل میڈیا میں بھی شديد تنقید کی جارہی تھی۔

سوشل میڈیا پر مختلف ٹوئٹس میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس شیخ رشيد کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی طرف سے اگرچہ اس بات کی ترديد کی گئی تاہم سوشل میڈیا پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت پوری ہونے سے قبل بھی پاکستان میں مختلف بینرز لگائے گئے جس میں “شکریہ راحیل شریف”، ”مت چھوڑ کر جاؤ راحیل شریف” لکھا گیا تھا۔ یہ بینرز لگانے میں بعض جماعتیں بھی شامل تھیں۔

XS
SM
MD
LG