انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے لیگ اسپنر دانش کنیریا کو اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں سزا کے بعد دنیا بھر میں اُن کے کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی کی سفارش کی ہے۔
آئی سی سی بورڈ نے کوالالمپو میں بدھ کو ہونے والے اجلاس میں کہا کہ آئی سی سی سے منسلک تمام اداروں کو بھی ’’پابندیوں کا احترام اور اپنے دائرہ اختیار میں قانون کے مطابق ان کا اطلاق کرنا چاہیئے‘‘۔
دانش کنیریا نے ستمبر 2009ء میں دو کاؤنٹی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ میں اپنی ٹیم 'ایسکس' کے ایک ساتھی مارون ویسٹ فیلڈ کو اسپاٹ فکسنگ پہ آمادہ کرنے میں کردار ادا کیا تھا۔
اکتیس سالہ پاکستانی باولر نے پابندی کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔