رسائی کے لنکس

پاکستان: چنیوٹ میں لوہے، تانبے اور سونے کے ذخائر دریافت


سرکاری بیان کے مطابق یہ ذخائر اٹھائیس مربع کلومیٹر رقبے پر محیط ہیں جب کہ تقریباً مزید دو ہزار مربع کلومیٹر کے رقبے میں اسی قسم کے ذخائر ملنے کی توقع ہے

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع چنیوٹ میں سونے، تانبے اور لوہے کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

یہ ذخائر چنیوٹ کے علاقے رجوعہ میں دریافت ہوئے اور سرکاری بیان کے مطابق یہ ذخائر اٹھائیس مربع کلومیٹر رقبے پر محیط ہیں جب کہ تقریباً مزید دو ہزار مربع کلومیٹر کے رقبے میں اسی قسم کے ذخائر ملنے کی توقع ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو اس بارے میں متعلقہ حکام کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کے لیے ان قدرتی وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

اس منصوبے پر چین اور جرمنی کی کمپنیاں کام کر رہی ہیں جب کہ کینیڈا کی ایک لیبارٹری نے دریافت شدہ ذخائر کے نمونوں کا تجزیہ اور توثیق کی ہے۔

پاکستانی قیادت کا کہنا ہے کہ ملک کے وسیع علاقے سے لوہے اور دیگر معدنیات کی دریافت ملک میں خوشحالی کا سبب بنے گی جب کہ ملازمتوں کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت یہ کہتی آئی ہے ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے معاشی اصلاحات کے علاوہ زیر زمینی معدنی وسائل تلاش کرنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG