رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پہلے کیس کی تصدیق


کراچی میں چار روز قبل سامنے آنے والے کیس کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اب تصدیق کی ہے کہ یہ اومیکرون کا کیس ہے۔ (فائل فوٹو)
کراچی میں چار روز قبل سامنے آنے والے کیس کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اب تصدیق کی ہے کہ یہ اومیکرون کا کیس ہے۔ (فائل فوٹو)

پاکستان میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پہلے کیس کی سرکاری طور پر تصدیق ہو گئی ہے۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں چار روز قبل سامنے آنے والے کیس کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اب تصدیق کی ہے کہ یہ اومیکرون کا ملک میں رپورٹ ہونے والا پہلا کیس ہے۔

این سی او سی کے مطابق اسلام آباد کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے تصدیق کی ہے کہ کراچی میں سامنے آنے والے مشتبہ کیس اومیکرون کا ہی ہے۔

این سی او سی کا مزید کہنا ہے کہ ملک میں امیکرون کے پہلے کیس کے بعد نگرانی کا عمل جاری ہے اور نمونے جمع کیے جا رہے ہیں تاکہ اس حوالے سے رجحانات پر نظر رکھی جا سکے۔

این سی او سی نے شہریوں کو بھی متنبہ کیا ہے کہ وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ ویکسین لگوائیں تاکہ وبا کے خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

جمعرات کو صوبۂ سندھ کے محکمۂ صحت نے اپنے ایک بیان میں اومیکرون کی تشخیص کے بارے میں بتایا تھا۔ بعدازاں صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اسے مشتبہ کیس قرار دیا تھا۔

ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ابھی اس کیس کا مطالعہ کیا جا رہا ہے البتہ جس طریقے سے اس کا برتاؤ دیکھا گیا ہے اس سے لگتا ہے کہ یہ وائرس اومیکرون ہی ہے۔

پاکستان میں جس مریض میں امیکرون کی تصدیق ہوئی ہے اس کی عمر 57 سال بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا کے مختلف ملکوں میں کرونا وائرس کی کئی اقسام رپورٹ ہو چکی ہیں جن میں اومیکرون بھی ایک قسم ہے۔ وبا کی یہ قسم سب سے پہلے جنوبی افریقہ میں رپورٹ ہوئی تھی جس کے بعد دنیا کے مختلف ممالک نے کچھ افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

کرونا وائرس کی یہ قسم امریکہ سمیت دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں پھیل چکی ہے۔ پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت میں بھی کرونا وائرس کی اس نئی قسم کے کئی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے اب تک 12 لاکھ 89 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 12 لاکھ 51 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس سے 28 ہزار 836 اموات ہوئی ہیں۔

پاکستان میں ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ حکام کے مطابق ملک بھر میں پانچ کروڑ 68 لاکھ 61 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے جب کہ آٹھ کروڑ 48 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وبا سے متاثر افراد کی نشان دہی کے لیے دو کروڑ 25 لاکھ 64 ہزار ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG