رسائی کے لنکس

عامر خان کی شاندار فتح کے ساتھ رنگ میں واپسی


عامر خان کے اپنے حریف فل لو گریکو پر تابڑ توڑ حملے
عامر خان کے اپنے حریف فل لو گریکو پر تابڑ توڑ حملے

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کنیڈا کے باکسر لو گریکو کو 39 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا۔ 31

سالہ عامر خان کا یہ گزشتہ دو سالوں میں پہلا بین الاقوامی مقابلہ تھا ۔ اس سے پہلے اُن کا مقابلہ مئی 2016 میں لاس ویگس میں ہوا تھا جس میں وہ سول کینیلو الویریز سے شکست کھا گئے تھے۔

ہفتے کے روز سوپر ویلٹر ویٹ کیٹگری کے اس مقابلے میں عامر خان نے اپنے کینڈین حریف لو گریکو پر شروع ہی سے تابڑ توڑ حملے شروع کر دئے اور مقابلے کے پہلے 30 سیکنڈ کے اندر اُنہوں نے لوگریکو کو لڑکھڑانے پر مجبور کر دیا۔

اُس کے بعد عامر خان نے اپنے حریف لو گریکو رنگ کو رسے کی جانب دھکیلتے ہوئے شدید حملوں سے ناک آؤٹ کر دیا۔

اس فتح کے بعد برطانوی باکسر کیل بروک کے ساتھ اُن کے آئیندہ مقابلے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ کیل بروک یہ مقابلہ دیکھنے کیلئے خود بھی رنگ میں موجود تھے۔

مقابلے کے بعد عامر خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو سال سے رنگ سے باہر تھے۔ تاہم اس دوران وہ جم میں سخت ٹریننگ کر رہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ ان دو سالوں میں اُنہوں نے ایک دن کیلئے بھی اپنی ٹریننگ نہیں چھوڑی۔

عامر کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے 12 راؤنڈ کیلئے ٹریننگ کی تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ گریکو ایک خطرناک حریف تھا۔ تاہم اس فتح سے اُنہیں بہت خوشی ہوئی ہے اور وہ اس سال یا آئیندہ برس تک دوبارہ عالمی چیمپین بننا چاہتے ہیں۔

عامر خان کہتے ہیں کہ وہ پہلے سے کہیں زیادہ بہتر باکسر ہیں اور اب وہ برطانوی باکسر کیل بروک سے مقابلے کے منتظر ہیں۔

XS
SM
MD
LG