رسائی کے لنکس

ڈھاکہ ٹیسٹ بھی پاکستان کے نام، بنگلہ دیش کو اننگز اور آٹھ رنز سے شکست


پاکستان نے ڈھاکہ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور آٹھ رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کرلیا ہے۔

بارش سے متاثرہ ڈھاکہ ٹیسٹ کے پانچویں روز پاکستان بالرز چھائے رہے اور بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 87 رنز بنا کر فالو آن کا شکار ہو گئی۔

بنگلہ دیش کی ٹیم کی دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا اور 98 رنز کے اسکور پر اس کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔ تاہم اس موقع پر شکیب الحسن اور مشفق الرحیم نے اننگز کو سہارا دیا۔

شکیب الحسن 63 جب کہ مشفق الرحیم 43 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد کوئی بھی بنگلہ دیشی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔

پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 76 رنز بنائے تھے جب کہ فواد عالم 50 اور محمد رضوان 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

پاکستان کی جانب سے ساجد خان سب سے کامیاب بالر رہے، اُنہوں نے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں آٹھ وکٹیں جب کہ دوسری اننگز میں چار بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں مزید 12 پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں اور اس کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔

پاکستان نے چٹاگانگ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستان ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز 13 وکٹیں حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی ہے۔

ٹیسٹ میچز سے قبل تین ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں بھی پاکستان نے میزبان ٹیم کے خلاف کلین سوئپ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG