امریکی تاریخ کی بدترین فائرنگ کے واقعے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر دنیا غمزدہ ہے، وہیں برطانوی شاہی جوڑے، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے آج امریکی سفارت خانے میں جا کر اورلینڈو حملے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے اورلینڈو نائٹ کلب حملے کے متاثرین کے ساتھ تعزیت کے اظہار کے لیے منگل کے روز امریکی سفارت خانے کا دورہ کیا۔
اتوار کی صبح فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کے ایک نائٹ کلب میں ایک مسلح شخص عمر متین نے درجنوں معصوم لوگوں کو ہلاک اور پچاس سے زائد افراد کو زخمی کردیا تھا۔
شاہی جوڑے نے امریکی سفارت خانے میں اورلینڈو حملے کے 49ہلاک شدگان کے لواحقین سے تعزیت کے لیے رکھی جانے والی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔
شہزادہ ولیم نے امریکی ایمبیسڈر میتھیو بارزن کے ساتھ ملاقات کے بعد مہمانوں کی کتاب میں دستخط کئے اور تعزیتی پیغام درج کیا۔
انھوں نے لکھا کہ میں دل کی گہرائیوں سے آپ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ہماری نیک تمنائیں اور دعائیں تمام متاثرین کے ساتھ ہیں۔
شہزادہ ولیم کے بعد ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ نے تعزیتی کتاب میں اپنے شوہر کے تعزیتی پیغام کے برابر میں اپنے دستخط کئے ہیں۔
شاہی دورے کے لیے امریکی سفارت خانے کے عملے کی جانب سے امریکی اور برطانوی جھنڈے کے بیجز لگائے گئے تھے، جبکہ شاہی جوڑے نے فرداً فرداً عملے کے ارکان کے ساتھ ملاقات کی۔
امریکی سفیر میتھیو بارزن نے ایک ٹویٹ میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کی امریکی سفارت خانے میں آمد اور اورلینڈو حملے کے متاثرین کے ساتھ تعزیت کرنے کے لیے وقت نکالنے پر شکریہ ادا کیا۔
برطانیہ بھر میں اورلینڈو حملے میں ہلاک ہونیوالے شہریوں کے لیے تعزیتی تقریبات کا انعقاد ہو رہا ہے، جبکہ شہریوں کی طرف سے مرنے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کی جارہی ہیں۔