دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہیں۔ امریکہ میں مزید 1500 اور فرانس اور برطانیہ میں لگ بھگ ایک ایک ہزار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ جمعے کو 84 ملکوں میں کم از کم ایک ہلاکت ضرور ہوئی۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق، جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے تک 210 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں کرونا وائرس کے 16 لاکھ 80 ہزار کیس سامنے آچکے تھے، جن میں سے ایک لاکھ دو ہزار افراد چل بسے تھے۔
امریکہ میں جمعے کو 1564، فرانس میں 987، برطانیہ میں 980، اٹلی میں 570، اسپین میں 523، بیلجیم میں 496، ایران میں 122، نیدرلینڈز میں 115 اور برازیل میں 103 افراد کا انتقال ہوا۔
ترکی میں 98، جرمنی میں 81، سویڈن میں 77، سوئزرلینڈ میں 54 اور کینیڈا میں 47 افراد ہلاک ہوئے۔ چین میں جمعہ کو صرف ایک اور جنوبی کوریا میں چار اموات ہوئیں۔ جاپان میں کوئی شخص ہلاک نہیں ہوا۔
امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد اٹلی سے صرف 600 کم رہ گئی ہے۔ اٹلی میں 18849 اور امریکہ میں 18255 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اسپین میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15970، فرانس میں 13197، برطانیہ میں 8958، ایران میں 4232، چین میں 3336 اور بیلجیم میں 3019 ہوچکی ہے۔
امریکہ میں اب تک کرونا وائرس کے 25 لاکھ ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جن میں 4 لاکھ 90 ہزار مثبت آئے ہیں۔ اسپین میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 57 ہزار، اٹلی میں ایک لاکھ 47 ہزار، فرانس میں ایک لاکھ 24 ہزار اور جرمنی میں ایک لاکھ 20 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
مختلف ملکوں میں 50 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ ان میں امریکہ کے 10900، اسپین کے 7300، فرانس کے 7 ہزار، جرمنی کے 4900، ایران کے 4 ہزار اور اٹلی کے ساڑھے 3 ہزار مریض شامل ہیں۔
صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہورہا ہے اور ان کی تعداد 3 لاکھ 75 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ چین کے 77 ہزار، اسپین کے 55 ہزار، جرمنی کے 54 ہزار، ایران کے 35 ہزار، اٹلی کے 30 ہزار، امریکہ کے 26 ہزار اور فرانس کے 25 ہزار شہری صحت یاب ہوچکے ہیں۔
برطانیہ کے 73 ہزار میں سے صرف 135 مریض مکمل صحت یاب ہوئے ہیں۔ گرین لینڈ میں صرف 11 کیسز کا علم ہوا تھا اور تمام افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔