رسائی کے لنکس

اولمپکس مقابلے: بیلاروس کی اولمپک کھلاڑی کو پولینڈ سے پناہ کی درخواست کیوں کرنی پڑی؟  


'میں صرف دوڑنا چاہتی ہوں'
'میں صرف دوڑنا چاہتی ہوں'

بیلاروس کی سپرنٹر کرسٹینا تسمانوسکایا نے گوگل ٹرانسلیٹر کی مدد سے زبردستی ملک بلائے جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔

سپرنٹر کرسٹینا تسمانوسکایا نے کھیل میں ناکامی کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے کوچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس مقابلے کا حصہ بنایا گیا جس کے لئے انہیں تیاری نہیں کروائی گئی تھی۔ کرسٹینا کے مطابق، پوسٹ کے بعد انہیں سپورٹس حکام نے فوری اپنا سامان باندھنے کا کہا اور ملک واپسی کے لئے زبردستی ایئرپورٹ لے گئے۔

کرسٹینا نے بیلاروس میں ایتھلیٹس کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک این جی او، سپورٹس سولیڈیریٹی فاؤنڈیشن سے رابطہ کیا، جس نے ان سے وعدہ کیا کہ اگر وہ ملک واپس لوٹیں تو ان کی مدد کی جاسکتی ہے۔

ملک واپسی کے لئے ایئرپورٹ پر ان کا اپنی دادی سے فون پر مختصر رابطہ ہوا۔ ان کی دادی نے انہیں بتایا کہ حکام ان سے خوش نہیں اور ملک واپس آنے سے خبردار کرتے ہوئے واپس نہ آنے کا کہا۔

کرسٹینا کے مطابق وہ سمجھ گئیں تھیں کہ ملک واپسی پر انہیں حکومت کی جانب سے ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ممکن ہے کہ ان کی جان کو بھی خطرہ ہو۔

بقول ان کے انہوں نے فوری طور پر حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے اپنے فون پر گوگل ٹرانسلیشن کی مدد سے جاپانی زبان میں ترجمے کے ذریعے ایئرپورٹ پر تعینات پولیس سے مدد کی اپیل کی۔ پولیس نے کرسٹینا کو فوری طور پر اپنی حفاظت میں لے لیا۔

معاملے کی خبر پھیلنے پر یورپی ممالک کرسٹینا کی مدد کے لئے آگے بڑھے۔ جاپان میں پولینڈ کے سفارت خانے نے کرسٹینا کو انسانی حقوق کی بنیاد پر فوری ویزا فراہم کیا۔ کرسٹینا اپنے شوہر کے ہمراہ آسٹریا کے راستے پولینڈ کی جانب رواں ہیں۔

اولمپک کمیٹی نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ کرسٹینا کو بیلاروس واپس بھیجنے کی کوشش کرنے والے دو کوچز کو اولمپکس سے نکال دیا گیا ہے۔ اولمپکس کمیٹی کا کہنا ہے کہ "ان دو کوچز (آرٹر شمک اور یورے مئیسیوچ) سے اولمپک ولج فوری طور پر چھوڑنے کا کہا گیا اور وہ یہاں سے جا چکے ہیں"۔ اولمپکس تنظیم کے مطابق، باقاعدہ طور پر کی جانے والی تحقیقات کے دوران کوچز کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کھلاڑیوں کی بھلائی کے لئے کیا گیا۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ان کوچز کو ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

بیلاروس کی اولمپک کمیٹی کا کہنا ہے کہ دونوں کوچز جلد ملک لوٹ آئیں گے اور انہیں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق ہے۔

بیلاروس میں جاری شدید مظاہرے گزشتہ کئی ماہ سے خبروں کا حصہ بنے رہے ہیں۔ مظاہروں کا آغاز اس وقت ہوا جب صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے الیکشن میں جیت کے بعد چھٹی بار صدارت کا عہدہ سنبھالا۔

اولمپکس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی کیوں نہیں ہوتی؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:04:28 0:00

انتخابات کو اپوزیشن پارٹی اور یورپی ممالک کی جانب سے غیر شفاف قراردیا گیا۔ حکومت نے اپوزیشن اور مظاہرہ کرنے والوں پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 35 ہزار افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ حکومت پر تنقید کرنے والے صحافیوں کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے۔

بیلاروس کے صدر لوکاشینکو نے 25 سال تک بیلاروس اولمپکس کمیٹی کی خود سربراہی کی، جس کے بعد فروری میں یہ عہدہ انہوں نے اپنے بیٹے کے حوالے کر دیا۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی بیلاروس کے کھلاڑیوں کی جانب سے حکومتی دباؤ اور انتقامی کارروائیوں کی شکایات کی تحقیات کے بعد صدر الیگزینڈرلوکاشینکو اور ان کے بیٹے کی ٹوکیو اولمپکس میں شمولیت پر پہلے ہی پابندی لگائی جا چکی ہے، جبکہ 2012 کی اولمپکس میں بھی یورپ کی جانب سے ویزا پابندیوں کی وجہ سے صدر الیگزینڈرلوکاشینکو اولمپکس میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔

کرسٹینا نے میڈیا کو بتایا کہ ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں وہ صرف اولمپکس کا حصہ بننا چاہتی تھیں۔ بقول ان کے، ''میرا ایک ہی مقصد رہا ہے۔ میں کھیل جاری رکھنا چاہتی ہوں۔ میں دوڑنا چاہتی ہوں''۔

اس رپورٹ کے لے کچھ مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا۔

XS
SM
MD
LG