رسائی کے لنکس

کم جونگ ان کی صدر ٹرمپ کو شمالی کوریا کے دورے کی دعوت


صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کے درمیان خط و کتابت پہلے بھی ہوتی رہی ہے۔ (فائل فوٹو)
صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کے درمیان خط و کتابت پہلے بھی ہوتی رہی ہے۔ (فائل فوٹو)

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی جانب سے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔ جس میں انہوں نے صدر ٹرمپ کو دورہ شمالی کوریا کی دعوت دی ہے۔

جنوبی کوریا کے ایک اخبار کے مطابق اگست میں لکھے گئے خط میں شمالی کوریا کے رہنما نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے ایک اور دور کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

خیال رہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ شمالی کوریا کی جانب سے اس دوران مختلف میزائلوں کے تجربات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

گزشتہ سال جون سے لے کر اب تک امریکی صدر اور شمالی کوریا کے رہنما کے درمیان تین ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ تاہم ان ملاقاتوں میں شمالی کوریا کے میزائل اور جوہری پروگرام سے متعلق کوئی اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔

گزشتہ دنوں شمالی کوریا نے مزید میزائل تجربات کیے تھے۔
گزشتہ دنوں شمالی کوریا نے مزید میزائل تجربات کیے تھے۔

رواں سال جون میں صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان غیر فوجی علاقے میں ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ شمالی کوریا کی حدود میں بھی داخل ہو گئے تھے۔

دونوں رہنماؤں نے مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم رواں سال فروری میں ویتنام میں ہونے والے مذاکرات بھی ناکام ہو گئے تھے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان خط و کتابت اس سے پہلے بھی ہوتی رہی ہے۔ جون میں صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کو خط لکھا تھا جسے کم جونگ ان نے 'بہترین' قرار دیا تھا۔

شمالی کوریا کے رہنما صدر ٹرمپ کی جانب سے لکھے گئے خط کا مطالعہ کر رہے ہیں۔
شمالی کوریا کے رہنما صدر ٹرمپ کی جانب سے لکھے گئے خط کا مطالعہ کر رہے ہیں۔

اس سے قبل شمالی کوریا کے رہنما بھی صدر ٹرمپ کو خط لکھ چکے ہیں جسے صدر ٹرمپ نے 'خوبصورت' قرار دیا تھا۔

صدر ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ وہ رواں سال کسی بھی وقت کم جونگ ان سے ملاقات کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ، شمالی کوریا پر زور دیتا آیا ہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام سے دستبردار ہو جائے۔ جب کہ شمالی کوریا کا یہ مطالبہ رہا ہے کہ امریکہ اس پر عائد پابندیوں میں نرمی کرے۔

XS
SM
MD
LG