رسائی کے لنکس

وائٹ ہاؤس سے ملنے والی کوکین پر ڈی این اے یا فنگر پرنٹ نہیں ملے: سیکرٹ سروس


\
\

امریکی سیکرٹ سروس کی تحقیقات کی سمری کے مطابق، ایف بی آئی کی جدید ترین کرائم لیب کے تجزیے اور علاقے کی نگرانی کی فوٹیج سے وائٹ ہاؤس میں کو کین لانے والےمشتبہ شخص کی شناخت نہیں ہو سکی اور نہ ہی کوئی سراغ مل سکاہے۔

یو ایس سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں کو دو جولائی کو وائٹ ہاؤس میں معمول کی صفائی کے دوران ویسٹ ونگ کی لابی میں سفید پاؤڈر ملاتھا،جہاں بڑی تعداد میں عملہے کی آمد و رفت رہتی ہے اور ٹور گروپس اپنے فون اور دیگر سامان چھوڑنے کے لیے وہاں جمع ہوتے ہیں۔

خبررساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کی حاصل کردہ تحقیقات کی سمری کے مطابق سیکرٹ سروس کے عہدے داروں نے کہا ہےکہ "کسی ٹھوس شہادت کے بغیر، تفتیش کے ذریعے اس لابی سے گزرنے والے سینکڑوں افراد میں سے کسی ایک ’پرسن آف انٹریسٹ‘ کی نشان دہی نہیں کی جاسکتی۔ "

تفتیش سے واقف ایک شخص کے مطابق جو تحقیقات کے بارے میں بات کرنے کا مجاز نہیں تھا، اس نے ایسوسی ایٹڈ پریس سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ زیادہ تر امکان یہ ہے کہ بیگ وائٹ ہاؤس کے ٹور کے لیے آنے والے ان سینکڑوں افراد میں سےکسی ایک کا تھاجو ویک اینڈ پر عمارت کے اندر گئےاور باہر آئے تھے۔

سیکرٹ سروس وائٹ ہاؤس کی سیکیورٹی کی ذمے دار ہے اور تحقیقات کی قیادت کررہی ہے۔

صدربائیڈن کوکین کی دریافت کے وقت وائٹ ہاؤس میں نہیں تھے۔ وہ ویک اینڈ پراپنے خاندان کے ہمراہ کیمپ ڈیوڈ میں موجود تھے۔

ری پبلکنز کا ردِعمل

وائٹ ہاؤس میں کوکین کی موجودگی نے ری پبلکنز کی جانب سے تنقید اور سوالات کی بوچھاڑ کو جنم دیا، جنہیں تحقیقات کے نتائج پر جمعرات کو بند دروازوں کے پیچھےبریفنگ دی گئی۔

ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر کیون میکارتھی نے جمعرات کو کہا کہ "کوئی مساوی انصاف نہیں ہے۔ "بائیڈن انکارپوریٹڈ کے گرد گھومنے والی کسی بھی چیز کے ساتھ رویہ کسی دوسرے امریکی سے مختلف ہوتا ہے اور اسے روکنا ہوگا۔"

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری نے کہا کہ صدر جو بائیڈن کا خیال ہے کہ خفیہ سروس کے لیے یہ "غیر معمولی طور پر اہم ہے" کہ وہ اس بات کی تہہ تک جائے کہ منشیات وائٹ ہاؤس میں کیسے پہنچیں۔

وائٹ ہاؤس میں صدور کی آمد و روانگی ​کیسے ہوتی ہے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:20 0:00

تحقیقات کی تفصیل

وائٹ ہاؤس سے سفید پاؤڈر ملنے پر احاطے کو احتیاط کے طور پر مختصرعرصے کے لیےخالی کر دیا گیا تھا۔ فائر ڈپارٹمنٹ کو موقع پر موجود سفوف کی جانچ کے لیے بلایا گیا تھا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ خطرناک تو نہیں۔تاہم ابتدائی ٹیسٹ میں ثابت ہوگیا تھا کہ سفوف کوکین ہے۔

بعد ازاں اس بیگ کے مزید تجزیے کے لیے اسے حساس لیب بھیجا گیا تھا۔ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے نیشنل بائیو ڈیفنس اینالیسس اینڈ کاؤنٹر میژرز سینٹر نے کسی بھی حیاتیاتی خطرات کے لیے آئٹم کا تجزیہ کیا۔تنصیب میں کیے گئے ٹیسٹ منفی ثابت ہوئے۔

سمری کے مطابق، کوکین اور پیکیجنگ کی مزید فرانزک جانچ کی گئی، جس میں ایف بی آئی کی کرائم لیبارٹری میں جدید فنگر پرنٹ اور ڈی این اے کا کام شامل ہے۔ ایف بی آئی نے کیمیکل ٹیسٹنگ بھی کی۔

وائٹ ہاؤس میں صرف نقلی نہیں اصلی بھوت بھی رہ چکے ہیں!
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:25 0:00

دو جولائی کو کیا ہوا تھا؟

اتوار کو دیر گئے یہ پاؤڈر وائٹ ہاؤس میں پائےجانےپر صدارتی کمپلیکس کے ایک حصے کو بند کرنا پڑا تھا۔

سیکرٹ سروس کے ایک ترجمان نے ایک ای میل پیغام میں کہا، " اتوار کی شام، وائٹ ہاؤس کمپلیکس کو حفاظتی انتظامات کے تحت بند کیا گیا جبکہ "سیکرٹ سروس یونیفارمڈ ڈویژن کے افسروں نے وہاں پائی جانے والی 'نامعلوم شے' کے بارے میں چھان بین شروع کی۔"

ترجمان کے مطابق یہ 'نامعلوم شے' وائٹ ہاؤس کے ویسٹ ونگ میں پائی گئی تھی۔ ویسٹ ونگ ، ایگزیکیٹو مینشن سے ملحق علاقہ ہے جہاں صدر کی رہائش ہے اور وہاں اوول آفس، کیبنٹ روم اور پریس روم واقع ہے جب کہ صدر کے معاونین اور عملے کے دفاتر اور کام کی جگہ بھی یہیں ہے۔

سیکرٹ سروس نے بتایا کہ دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے فائر ڈیپارٹمنٹ کو فوری اطلاع دی گئی اور انہوں نے معائنے کے بعد بتایا تھاکہ کہ وہ کوئی خطرناک شے نہیں تھی۔

اس رپورٹ کا موادایسو سی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG