رسائی کے لنکس

صنعتی زون کی بحالی کے لیے کوریائی ملکوں کے مذاکرات


کائی سانگ انڈسٹریل کمپلیکس کی کارپوریٹ ایسوسی ایشن کے ایک ترجمان یو چان گیئن نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ مختلف کمپنیاں یہاں موسم برسات کے دوران اپنی مشینری کو محفوظ بنانا چاہتی ہیں۔

شمالی اور جنوبی کوریا کے وفود کے مابین مشترکہ صنعتی زون میں قائم فیکٹری کی بحالی کے لیے مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔

رواں سال اپریل میں دونوں ملکوں کے درمیان بے انتہا کشیدگی کے بعد اس مشترکہ زون کو بند کردیا گیا تھا۔

ورکنگ سطح کے یہ مذاکرات ہفتہ کو دونوں روایتی حریف ملکوں کے درمیان غیر مسلح زون میں واقع شہر پان من جوم میں ہوئے۔

رواں ہفتے سیول نے کہا تھا کہ پیانگ یانگ نے جنوبی کوریا کے کاروباری حضرات کو مشترکہ صنعتی زون کائی سانگ میں اپنی فیکٹریوں کے آلات کا معائنہ کرنے کی اجازت دی ہے۔

کائی سانگ انڈسٹریل کمپلیکس کی کارپوریٹ ایسوسی ایشن کے ایک ترجمان یو چان گیئن نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ مختلف کمپنیاں یہاں موسم برسات کے دوران اپنی مشینری کو محفوظ بنانا چاہتی ہیں۔

ایسوسی ایشن نے سیول سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس زون کی بحالی کے لیے پیانگ یانگ سے مذاکرات کرے۔

ہفتہ کو ہونے والے مذاکرات ایک ایسے وقت ہو رہے ہیں جب گزشتہ ماہ دنوں ملکوں کے درمیان برسوں میں پہلی بار اعلیٰ سطحی بات چیت وفود کی نامزدگی پر اختلاف کے باعث منسوخ ہوگئی تھی۔

کائی سونگ صنعتی زون شمالی کوریا کی معیشت کے لیے ایک اہم ذریعہ اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی واحد مثال تھا۔

شمالی کوریا نے اپریل میں کائی سانگ سے اپنے 53 ہزار مزدوروں کو نکالنے کے بعد جنوبی کوریا کی کمپنیوں کا یہاں داخلہ بند کر دیا تھا۔ یہ کمپنیاں جنوبی کوریا کی نسبتاً سستی افراد قوت سے فائدہ اٹھا رہی تھیں۔

جنوبی کوریا نے بھی بعد ازاں یہاں سے اپنے لوگوں کو واپس بلا لیا تھا۔
XS
SM
MD
LG