رسائی کے لنکس

چوہدری نثار کا دورہ کراچی، امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت


وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور گورنر سندھ اتوار کی شام امجد صابری کی رہائش گاہ بھی گئے جہاں انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی تاہم وہ میڈیا سے بات چیت کئے بغیر ہی واپس چلے گئے ۔

کراچی میں امجد صابری کے قتل کے بعد قیام امن کے لئے کی جانے والی کوششوں میں مزید تیزی آگئی ہے ۔ اس کا واضح ثبوت اتوار کے روز پاکستان فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا دورہ کراچی ہے۔

ان دوروں کا مقصد شہر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینا اور قیام امن کی غرض سے مزید اقدامات اٹھانا ہیں۔ وفاقی وزیر نے اس حوالے سے اہم اجلاس بھی طلب کیا اور اس کی صدارت کا ذمہ اٹھایا۔

اس دوران چوہدری نثار علی خان امجد صابری اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجادعلی شاہ کی رہائش گاہ بھی گئے ۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران چوہدری نثار علی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کے بیٹے بیرسٹر اویس شاہ کی بازیابی کے شب و روز کوششیں جاری ہیں جبکہ امجد صابری کے قتل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ خوف و ہراس پھیلانے کی سازش کا حصہ ہے، سیکورٹی ادارے جلد قاتلوں کو گرفتار کر لیں گے۔

وفاقی وزیر اتوار کو کراچی پہنچے تھے جہاں انہوں نے سب سے پہلے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی اور امن وامان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔مقامی میڈیا میں ذرائع کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ گورنر اور وزیرداخلہ ملاقات میں اس امر کا اظہار کیا گیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک کراچی آپریشن جاری رہے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور گورنر سندھ اتوار کی شام امجد صابری کی رہائش گاہ بھی گئے جہاں انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی تاہم وہ میڈیا سے بات چیت کئے بغیر ہی واپس چلے گئے ۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ سے بھی ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے بیٹے کی بازیابی کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ اس ملاقات میں بھی گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ان کے ہمراہ تھے۔

XS
SM
MD
LG