امریکی ریاست اوہائیو کے شہر کولمبس کی اوہائیو سٹیٹ یونیورسٹی میں ایک حملہ آور نے 11 افراد کو زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق ایک صومالی طالب علم نے یونیورسٹی میں پیدل چلنے والوں کے متعین راستے پر گاڑی چڑھا دی اور پھر تیز دھارے آلے سے وار کر کے 11 افراد کو زخمی کر دیا۔
پولیس نے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔
کولمبس پولیس کے سربراہ کم جیکبس نے کہا کہ ہم اسے دہشت گرد حملہ سمجھتے ہیں۔
اوہائیو یونیورسٹی نے حملہ آور کی شناخت عبدالرازق علی آرتن کے نام سے کی، جو کہ اسکول کا ایک طالب علم تھا۔
مڈویسٹرن سٹی کے شہری نے وائس آف امریکہ کی صومالی سروس کو بتایا کہ حملہ آور صومالی نژاد تھا اور اُس کی عمر لگ بھگ 20 سال تھی۔
اسپتال ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اوہائیو سٹیٹ یونیورسٹی کے صدر مائیکل ڈریک کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ایک اور حملہ آور کی موجودگی کی افواہ بھی گردش کر رہی تھی مگر پولیس نے علاقے کی تلاشی کے بعد اس بات کی تصدیق کی کہ حملہ آور ایک ہی تھا۔
کولمبس پولیس کے سربراہ کم جیکبس کے مطابق حملہ آور نے جان بوجھ کر اپنی گاڑی فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں لوگوں پر چڑھائی۔ پولیس کے مطابق اس کے بعد حملہ آور گاڑی سے باہر نکلا اور لوگوں پر چھری سے وار کرنے لگا۔