امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے صدر کے ہوائی سفر کے لیے مخصوص طیارے 'ایئر فورس ون' کے نئے ڈیزائن کی منظوری دی ہے جس میں اس دیو ہیکل جمبو جیٹ کا رنگ نیلا اور سفید ہی برقرارکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
امریکی صدر اپنے دوروں کے لیے 'ایئر فورس ون' میں سفر کرتے ہیں۔ اس طرح کے دو طیارے صدر کے زیرِ استعمال ہوتے ہیں۔
امریکی حکومت نے 'بوئنگ' کمپنی کو دو بوئنگ 747 طیاروں کو اپ گریڈ کرنے کا کانٹریکٹ دے رکھا ہے جو آئندہ چند برسوں میں صدر کے زیرِ استعمال موجودہ طیاروں کی جگہ لیں گے۔
امریکی ایئر فورس کی جانب سے جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے طیاروں میں نیلے اور سفید رنگ کی کلر ٹون برقرار رکھی جائے گی، لیکن یہ قدرے منفرد اور جدید خصوصیات کی حامل ہو گی۔
خیال رہے کہ امریکہ کے صدر کے زیرِ استعمال طیاروں کا کال سائن 'ایئر فورس' ہے۔
اس سے قبل امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 'ایئر فورس ون' کے لیے سرخ، سفید اور نیلے رنگوں پر مشتمل کلر ٹون کی منظوری دی تھی۔
لیکن ایئر فورس کی جانب سے ایک جائزے میں یہ بتایا گیا تھا کہ گہرے رنگ کا استعمال نہ صرف طیاروں کی اپ گریڈیشن کا خرچ بڑھائے گا بلکہ اس کی ڈلیوری میں بھی تاخیر ہو گی۔
ایئر فورس کے مطابق نئے طیاروں میں الیکٹریکل پاوور اپ گریڈ، طبی سہولیات اور سیلف ڈیفنس سسٹم بھی نصب کیا جائے گا۔ پہلا طیارہ 2027 جب کہ دوسرا 2028 تک امریکی صدر کے زیرِ استعمال آ جائے گا۔
طیاروں کی موجودہ قسم کا استعمال سب سے پہلے امریکہ کے سابق صدر جارج ڈبلیو بش سینئر نے 1989 میں کیا تھا وہ 1993 تک اپنے منصب پر فائز رہے تھے۔
وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ کے مطابق ایئر فورس ون کے لیے تیار کیے گئے طیاروں کو دنیا کے جدید ترین آلات اور سہولتوں سے لیس کیا جاتا ہے۔
ایئر فورس ون کے طیاروں کی دیکھ بھال اور انتظام 'پریزیڈینشل ایئر لفٹ گروپ' کے ذمے ہوتی ہے جو وائٹ ہاؤس ملٹری آفس کا حصہ ہے۔ یہ ایئر لفٹ گروپ بھی ملک سے باہر پہلا فضائی سفر کرنے والے صدر روز ویلٹ نے 1944 میں قائم کیا تھا۔
سن 1959 تک امریکی صدور سفر کے لیے بوئنگ 707 طیارے استعمال کرتے رہے۔ 1962 میں صدر جون ایف کینیڈی وہ پہلے صدر تھے جو امریکی صدر کے لیے تیار کردہ 'ایئر فورس ون' جیٹ پر سوار ہوئے۔
اس خبر کے لیے معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔