رسائی کے لنکس

ورلڈ کلاس بالرز کے خلاف جارحانہ انداز، صائم ایوب کے چرچے


صائم نے میچ کے تیسرے اوور میں شاہین شاہ آفریدی کو بھی ایک شاندار اسٹریٹ باؤنڈری لگائی۔
صائم نے میچ کے تیسرے اوور میں شاہین شاہ آفریدی کو بھی ایک شاندار اسٹریٹ باؤنڈری لگائی۔

پشاور زلمی کے نوجوان بلے باز صائم ایوب کی لاہور قلندرز کے ورلڈ کلاس بالرز کے خلاف جارحانہ بیٹںگ کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے چرچے ہو رہے ہیں۔

صائم نے منگل کو لاہور قلندرز کے خلاف 36 گیندوں پر 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور آٹھ چوکے بھی شامل تھے۔

صائم کی بیٹنگ کی خاص بات ان کا اعتماد تھا جس کا اظہار انہوں نے فاسٹ بالر حارث رؤف کی پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر کیا۔

صائم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بہترین بالر راشد خان کے خلاف سات گیندوں پر 17 رنز بنائے جب کہ سکندر رضا کے ایک ہی اوور میں چار چوکے بھی لگائے۔

بائیں ہاتھ کے بیٹرنے میچ کے تیسرے اوور میں ٹی ٹوئنٹی کے منجھے ہوئے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کو بھی ایک شاندار اسٹریٹ باؤنڈری لگائی۔

صائم کی جارحانہ اننگز پر ٹوئٹر صارفین انہیں خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔

احمر نجیب ستی نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ صائم بہت آسانی سے شاہین اور حارث کو کھیل رہے تھے جو کہ ان کی بیٹںگ صلاحیت کا اظہار ہے۔ ان کے بقول شاہین کے خلاف اس انداز میں بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والا کوئی ایسا بلے باز دکھا دیں۔

سعد نامی ٹوئٹر صارف نے کہا کہ کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کرنے کا بڑا فیصلہ کیا اور صائم کو اوپنر کھلا کر حارث کو بچا لیا ہے جنہیں شروع میں سوئنگ بالنگ کے خلاف کھیلنے میں دشواری کا سامنا تھا۔

صائم نے بطور اوپنر کھلائے جانے کے کپتان کے فیصلے کو ایک شاندار اننگز کی بدولت درست ثابت کیا کیوں کہ بابر اعظم اور صائم کی جوڑی نے لاہور قلندرز کے خلاف پہلی وکٹ پر 107 رنز کی شراکت قائم کی ۔

صائم کی تعریف میں یہاں تک لکھا گیا کہ 20 سالہ نوجوان بلے باز نے حارث رؤف کی پہلی ہی گیند پر بغیر دیکھے چھکا لگایا۔

کرکٹ کے ایک ٹوئٹر پیج نے صائم کے آؤٹ ہونے کے بعد کی دو تصاویر شیئر کیں جن میں شاہین اور راشد خان کو صائم کو سراہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے تبصرہ کیا کہ " کیا ٹیلنٹ ہے۔"

XS
SM
MD
LG