رسائی کے لنکس

نوجوت سنگھ سدھو کو ویزا مل گیا، پاکستان آنے کے منتظر


نوجوت سنگھ سدھو۔ فائل فوٹو
نوجوت سنگھ سدھو۔ فائل فوٹو

بھارت کے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان کا ویزا مل گیا۔ انہوں نے عمران خان کی بطور وزیراعظم تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے ویزے کی درخواست دی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق کرکٹ لیجنڈ عمران خان الیکشن 2018 میں کامیابی کے بعد 18 اگست کو پاکستان کے وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے اور تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے عمران خان نے اپنے کرکٹ کے زمانے کے بھارتی دوستوں کپل دیو، سنیل گاواسکر اور نوجوت سنگھ سدھو کو دعوت دی تھی۔

نوجوت سنگھ سدھو پیرکی صبح پاکستانی سفارتخانے پہنچے اور ویزے کے لئے درخواست دی۔ پاکستانی سفارتخانے نے چند گھنٹے بعد نوجوت سنگھ سدھو کو دورہ پاکستان کے لئے ویزا جاری کر دیا۔

پاکستانی نیوز چینلز کی رپورٹس کے مطابق ویزہ لگنے کے بعد نوجوت سنگھ سدھو نے پی ٹی آئی کے رہنما فیصل جاوید کو فون کیا اور ویزا جاری ہونے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان آنے کے لئے بیتاب ہوں۔‘ اب سدھو پاکستان کے دورے کے لئے بھارتی حکومت کی کلیئرنس ملنے کے منتظر ہیں۔

نوجوت سنگھ سدھو نے چند روز قبل عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت ملنے پر پریس کانفرنس میں اسے اپنے لئے اعزاز قرار دیا تھا۔

بھارت کے ایک اور سابق کرکٹر سنیل گواسکر بھی ان سابق کرکٹرز میں شامل ہیں جنہیں حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ سنیل گواسکر نے بھارتی چینل ’انڈیا ٹوڈے‘ سے بات چیت میں کہا’ عمران خان سے فون پر بات ہوئی۔ میں نے انہیں بتایا کہ انگلینڈ میں کمنٹری کی مصروفیات کی وجہ سے حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکوں گا۔

سنیل گواسکرکا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کسی بھی پاکستانی وزیراعظم سے زیادہ مرتبہ بھارت آ چکے ہیں۔ وہ بھارت کے دوروں میں مشہور لوگوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں سے بھی ملتے تھے اور جتنا وہ بھارت کو اچھی طرح جانتے ہیں شاید ہی کوئی دوسرا پاکستانی وزیراعظم جانتا ہو۔ اسی لئے امید ہے کہ عمران خان جب وزیراعظم بنیں گے تو دونوں ملکوں کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

سنیل گواسکر کی پاکستان جانے سے معذرت کے بعد بھارتی میڈیا نے اسے حب الوطنی کو دوستی پر ترجیح قرار دیا تو سنیل گواسکر کا انٹرویو لینے والے سینئر بھارتی صحافی راج دیپ سرڈیسائی اور برکھادت نے کہا کہ غیر ضروری طور پر باتوں کو غلط رنگ دینے سے گریز کیا جائے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس طرح تو پھر پوری بھارتی ٹیم بھی غدار کہلائے گی جس نے اپنا دستخط شدہ بیٹ عمران خان کو تحفے میں بھیجا ہے۔

پاکستان میں بھارت کے ہائی کمشنر اجے بساریا نے عمران خان سے ملاقات میں انہیں بھارتی ٹیم کے دستخط والا بیٹ پیش کیا تھا۔

ادھربی جے پی کے رہنما سبرامنیم سوامی نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں نوجوت سدھو کی شرکت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جو پاکستان جائے اسے غدار سمجھا جانا چاہئے اور ایسے لوگوں کی بھارت واپسی پر ان کی کڑی نگرانی بھی کرنی چاہئے۔

XS
SM
MD
LG