رسائی کے لنکس

نواز شریف کے متنازعہ بیان پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب


قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس۔ فائل فوٹو
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس۔ فائل فوٹو

سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ممبئی حملوں سے متعلق گمراہ کن میڈیا بیانات پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا.

ماضی کے مقابلے میں پہلی مرتبہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی اطلاع آئی ایس پی آر کے ذریعے دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل بروز پیر 14 مئی کو ہوگا۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کی تجویزوزیراعظم کوپیش کردی ہے۔ اپنی ٹویٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اجلاس میں ممبئی حملوں سے متعلق گمراہ کن بیانات پرغورکیا جائے گا۔

اجلاس کی صدارت وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے جس میں چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی ،مشیر قومی سلامتی امور ،وزیردفاع ، خارجہ و داخلہ سمیت خفیہ اداروں کے افسران شرکت کریں گے۔

اجلاس میں وزیرخارجہ اور دفاع خرم دستگیر شریک ہونگے جبکہ وزیرداخلہ احسن اقبال زخمی ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

گزشتہ روز انگریزی اخبار ڈان کو انٹرویو میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف نےکہا تھا کہ سرحد پار جا کر 150 لوگوں کو قتل کردینا قابل قبول نہیں، عسکری تنظیمیں اب تک متحرک ہیں جنھیں غیر ریاستی عناصر کہا جاتا ہے۔ مجھے سمجھائیں کہ کیا ہمیں انھیں اس بات کی اجازت دینی چاہیے کہ سرحد پار جا کر 150 لوگوں کو قتل کر دیں۔

اس بیان پر ملک کے مختلف سیاسی اور سماجی حلقوں میں ایک نئی بحث کا اغاز ہوگیا ہے اور سیاسی حلقوں کے ساتھ ساتھ فوج کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے اور ممبئی حملوں سے متعلق بیان زیربحث لانے کے مسئلہ کو سنگین قرار دیا جارہا ہے۔ نوازشریف پہلے ہی عدالتوں کی پیشیوں میں مصروف ہیں اور اس صورتحال میں ان سے منسوب اس بیان کی وجہ سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG