رسائی کے لنکس

العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید، فلیگ شپ میں بری


اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنا دی ہے جس کے بعد سابق وزیر اعظم کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔ نواز شریف کو ڈیڑھ ملین برطانوی پاؤنڈ اور 25 ملین ڈالر کا جرمانہ بھی کیا گیا، جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کر دیا گیا۔

احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک نے سابق وزیر اعظم کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا محفوظ فیصلہ سنایا۔

احتساب عدالت نے اپنے فیصلے میں نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کے علاوہ ڈیڑھ ملین برطانوی پاؤنڈ اور 25 ملین ڈالر کا جرمانہ کیا ہے، جب کہ سابق وزیر اعظم کو فلیگ شپ ریفرنس میں بری کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو مفرور قرار دے کر ان کے ’دائمی وارنٹ گرفتاری‘ جاری کر دیے ہیں۔

فیصلہ سنائے جانے کے بعد نواز شریف کی جانب سے عدالت سے درخواست کی گئی کہ انہیں اڈیالہ جیل کے بجائے لاہور کی جیل میں رکھا جائے، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد پر بیرون ملک جائیدادوں کے حقیقی مالک ہونے کا الزام ہے۔

نیب کے دائر کردہ ریفرنس کے مطابق، نواز شریف نے بے نامی جائیدادیں بنائیں اور ان کے اثاثے ان کے معلوم ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ان پر سیکشن 9 اے 5 کے تحت فرد جرم عائد کی گئی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وکیل عبدالرشید نے کہا ہے کہ ’’ایک کیس میں بری اور ایک کیس میں سزا یہ انصاف کے تقاضوں کے مطابق نہیں‘‘۔

نواز شریف نے نیب ریفرنس میں سزا ہونے کے بعد کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم تو پتھر کے لوگ ہیں یہ دکھ سہہ لیں گے‘‘۔

اس کیس کے فیصلے پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’’یہ فیصلہ ہمارے لیے غیر متوقع نہیں تھا‘‘۔

سزا سنائے جانے سے قبل جس وقت نواز شریف احتساب عدالت کے قریب پہنچے تو پولیس اہلکاروں نے کارکنوں کو ہٹانے کی کوشش کی جس پر کارکن مشتعل ہوگئے۔ انہوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا، جس پر پولیس نے جوابی طور پر آنسو گیس کے گولے فائر کیے۔

اسی ہنگامہ آرائی کے دوران فیصلہ آجانے کے بعد کارکنوں نے احتساب عدالت کے قریب مرکزی شاہراہ کشمیر کو بلاک کر دیا، جسے پولیس نے کچھ دیر کی کوشش کی بعد بحال کروا لیا۔

نواز شریف کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں سے انہیں کل لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG