رسائی کے لنکس

سعودی عرب سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں عید الاضحیٰ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سعودی عرب میں حج کے لیے آئے ہوئے لاکھوں مسلمانوں نے بھی پیر کو عید منائی اور نماز عید کے بڑے اجتماعات مکہ میں خانہ کعبہ اور مدینہ میں مسجد نبوی میں ہوئے۔

سعودی عرب، خلیجی ریاستوں، امریکہ اور افغانستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں پیر کو مسلمان عید الاضحیٰ منا رہے ہیں۔

مسلمان اسلامی مہینے ذوالحجہ کی دس تاریخ کو یہ عید مناتے ہیں جس میں جانور ذبح کر کے اللہ کے پیغمبر حضرت ابراہیم کی سنت کی پیروی کی جاتی ہے۔

عید کا سب سے بڑا اجتماع سعودی عرب میں ہوا جہاں دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان اسلام کے ایک بنیادی رکن حج کی ادائیگی کے لیے جمع ہوئے۔

سعودی عرب میں حج کے لیے آئے ہوئے لاکھوں مسلمانوں نے بھی پیر کو عید منائی اور نماز عید کے بڑے اجتماعات مکہ میں خانہ کعبہ اور مدینہ میں مسجد نبوی میں ہوئے۔

اتوار کو حج کی ادائیگی کے موقع پر امام کعبہ کی طرف سے دیئے گئے خطبے میں کہا گیا کہ دہشت گردی کا اسلام سے قطعی کوئی تعلق نہیں ہے۔

امام کعبہ شیخ عبد الرحٰمن السدیس کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کو دہشت گردی کے فتنے کا سامنا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے علمائے دین کو بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔

دریں اثناء پاکستان میں موجود افغان پناہ گزینوں اور بعض قبائلی علاقوں میں بھی عید پیر ہی کو منائی گئی۔ ان علاقوں میں روزے بھی سعودی عرب کے ساتھ رکھے جاتے ہیں اور عید بھی وہاں کی تاریخوں کے حساب سے منائی جاتی ہے۔

پاکستان میں سرکاری طور پر عید الاضحٰی منگل کو منائی جائے گی۔

عید الاضحیٰ ایک ایسے وقت منائی جا رہی ہے جب مسلم دنیا کے ایک بڑے حصے میں مختلف تنازعات کے باعث لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

XS
SM
MD
LG