رسائی کے لنکس

ایلون مسک کا چیٹ جی پی ٹی کا متبادل'ٹرتھ جی پی ٹی' لانے کا منصوبہ


ایلون ​​​​​​​مسک نے دعویٰ کیا کہ ان کا  'ٹرتھ جی پی ٹی'  زیادہ سے زیادہ سچائی تلاش کرنے والی اے آئی ہوگی۔
ایلون ​​​​​​​مسک نے دعویٰ کیا کہ ان کا  'ٹرتھ جی پی ٹی'  زیادہ سے زیادہ سچائی تلاش کرنے والی اے آئی ہوگی۔

مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر کے مالک اور ارب پتی شخص ایلون مسک نے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جینس) پر مبنی چیٹ بوٹ 'چیٹ جی پی ٹی ' کے مقابلے میں اپنا اے آئی چیٹ بوٹ لانے کا اعلان کیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق امریکی ٹی وی چینل 'فاکس نیوز' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایلون مسک نے کہا کہ وہ چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے میں اپنا اے آئی چیٹ بوٹ لانے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کا نام 'ٹرتھ جی پی ٹی' ہو گا۔

مسک نے دعویٰ کیا کہ ان کا 'ٹرتھ جی پی ٹی' زیادہ سے زیادہ سچائی تلاش کرنے والی اے آئی ہوگی جو کائنات کی نوعیت کو سمجھنے کی کوشش کرے گی۔

ایلون مسک نے کہا کہ ان کا آئیڈیا یہ ہے کہ اے آئی کو انسانیت تباہ کرنے کے امکان کے بجائے انسانیت کو سمجھنا چاہیے۔

ایلون مسک نے آرٹیفیشل انٹیلی جینس کی ریگولیشن کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے 'بہت بڑے مداح' ہیں۔ ان کے بقول اے آئی گاڑیوں یا راکٹوں کے مقابلے میں 'زیادہ خطرناک' ہے اور اس میں انسانیت کو تباہ کرنے کی صلاحیت موجودہے۔

انہوں نے مائیکروسافٹ کی سپورٹ سے چلنے والی اوپن اے آئی پر تنقید کی اور کہا کہ وہ 'اے آئی کو جھوٹ بولنے کی تربیت' دے رہی ہے۔ ان کے بقول اوپن اے آئی اب 'کلوزڈ سورس'، 'مائیکروسافٹ کی قریبی ساتھی منافع بخش' تنظیم بن چکی ہے۔

اوپن اے آئی کا ایلون مسک کے بیان پر فوری طور پر کوئی ردِعمل نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ چیٹ جی پی ٹی کو تیار کرنے والی کمپنی 'اوپن اے آئی' کو ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کی سپورٹ حاصل رہی ہے۔گزشتہ برس 30 نومبر کو 'چیٹ جی پی ٹی' متعارف ہوا تھا جس کے بعد سے اسے یومیہ لاکھوں افراد استعمال کررہے ہیں۔

ایلون مسک اوپن اے آئی کے ابتدائی سرمایہ کار تھے اور وہ اس کے ایک غیر منافع بخش اے آئی ریسرچ لیب کے طور پر قائم ہونے پر سال 2015 میں اس کے بورڈ میں بھی شامل رہے تھے۔ لیکن وہ کچھ سال کے لیے ہی اس کا حصہ رہے اور انہوں نے 2018 کے اوائل میں بورڈ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

سال 2019 میں انہوں نے ٹوئٹ کیا تھا کہ انہوں نے اوپن اے آئی چھوڑ دی ہے کیوں کہ وہ اپنی کمپنیوں ٹیسلا اور اسپیس ایکس پر زیادہ توجہ دینا چاہتے ہیں۔

ایلون مسک نے دعویٰ کیا کہ ان کا عنقریب متعارف کیا جانے والا'ٹرتھ جی پی ٹی' حفاظت کے لیے بہترین راستہ ہوسکتا ہے جس میں 'انسانوں کو ختم کرنے کا امکان' نہیں ہوگا۔

ایلون مسک کے منصوبے سے باخبر شخص نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ ایلون مسک اوپن اے آئی کا حریف لانچ کرنے کے لیے گوگل کے اے آئی ریسرچرز سے رابطے میں ہیں۔

ایک اسٹیٹ فائلنگ کے مطابق ایلون مسک نے گزشہ ماہ امریکی ریاست نیواڈا میں 'ایکس اے آئی' کے نام سے ایک کمپنی بھی رجسٹرڈ کرائی ہے۔ اس کمپنی میں واحد ڈائریکٹر کے طور پر ایلون مسک اور ان کے فیملی آفس کے مینیجنگ ڈائریکٹر کو بطور سیکریٹری لسٹ کیا گیا ہے۔

ایلون مسک کئی برس سے 'اے آئی' سے متعلق سخت خیالات کا اظہار کرچکے ہیں اور وہ دیگر ٹیک رہنماؤں بشمول مارک زکر برگ اور بل گیٹس سے اختلاف کرتے آئے ہیں اور یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ زکر برگ اور بل گیٹس کی 'اے آئی' کے شعبے میں سمجھ بوجھ 'محدود' ہے۔

اس خبر کے لیے معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' اور 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG