رسائی کے لنکس

ملتان ٹیسٹ: پاکستان کا میچ جیتنے کے لیے انگلینڈ کو 297 رنز کا ہدف


  • ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 291 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
  • جس کے بعد پاکستان کو 75 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی۔
  • پاکستان کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
  • سلمان علی آغا 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
  • انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں ساجد خان نے سات اور نعمان علی نے تین وکٹیں حاصل کی ہیں۔
  • انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ 114، جو روٹ 34، اولی پاپ 29 اور زیک کرالی 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
  • پاکستان نے ملتان ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلی اننگز میں 366 رنز بنائے تھے۔

ویب ڈیسک—پاکستان کی ٹیم ملتان ٹیسٹ میں اپنی دوسری اننگز میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کے شعیب بشیر نے چار، جیک لیچ نے تین، برائیڈن کارس نے دو جب کہ میتھیو پوٹس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستانی اسپنر ساجد خان کی تباہ کن بالنگ کے بدولت گرین کیپس نے مہمان انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 291 رنز پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد پاکستان کو 75 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی۔

پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا مگر اوپنر عبداللہ شفیق ایک بار پھر کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور شعیب بشیر نے اُنہیں چار رنز پر آؤٹ کر دیا۔ صائم ایوب 22، شان مسعود 11، کامران غلام 26، سعود شکیل 31 اور محمد رضوان 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

لوئر مڈل آرڈر بلے باز سلمان علی آغا نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا اور یوں پاکستان کی اننگز کا اختتام 221 رنز پر ہوا۔

تیسرے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو انگلینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز سے اننگز آگے بڑھائی، اس موقع پر اسمتھ 12 اور کارس دو رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

انگلینڈ کے بقیہ چار کھلاڑی مجموعی اسکور میں کوئی بڑا اضافہ نہ کر سکے اور پوری ٹیم اسپنرز کے جال میں پھنس کر 291 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے سیدھے ہاتھ سے بالنگ کرنے والے اسپنر ساجد خان انگلش بیٹنگ لائن کے لیے مشکلات کھڑی کرتے رہے اور انہوں نے مجموعی طور پر سات وکٹیں حاصل کیں جب کہ دوسرے اسپنر نعمان علی تین وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

ملتان پچ کو دیکھتے ہوئے پہلے ہی پیش گوئی کی جا رہی تھی کہ یہ وقت گزرنے کے ساتھ اسپنرز کے لیے سازگار ہو جائے گی۔

ساجد خان نے پچ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور لائن اینڈ لینتھ میں بالنگ کرتے ہوئے بدھ کو چار وکٹیں حاصل کی تھیں جب کہ جمعرات کو پہلے سیشن میں تین وکٹیں لے کر انگلش بیٹنگ لائن کو اڑا کر رکھ دیا۔

اسپنر ساجد خان نے انگلینڈ کے خلاف سات وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اسپنر ساجد خان نے انگلینڈ کے خلاف سات وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اکتیس سالہ ساجد خان نے مجموعی طور پر 26 اعشاریہ دو اوورز کیے اور 111 رنز کی بدولت نہ صرف سات وکٹیں حاصل کیں بلکہ پاکستان ٹیم کی میچ پر گرفت مضبوط کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ 114، جو روٹ 34، اولی پاپ 29 اور زیک کرالی 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ پانچ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہو سکے۔ جیک لیچ 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 366 رنز بنائے تھے جس میں ڈیبوڈنٹ کامران غلام کی سینچری بھی شامل تھی۔

کامران غلام 118، صائم ایوب 77، محمد رضوان 41، سلمان آغا 31، عامر جمال 37 اور نعمان علی 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔

انگلش اسپنر جیک لیچ چار، بریڈن کارس تین، میتھیو پوٹس دو اور شعیب بشیر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان جاری تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 24 اکتوبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG