واشنگٹن —
نگرانی پر مامور ایک شامی ادارے کا کہنا ہے کہ باغیوں کے زیر قبضہ ایک رہائشی علاقے پر ہونے والے فضائی حملے میں کم از کم 35 افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم، سیرئن آبزرویٹری نے کہا ہے کہ اِن حملوں میں زردانہ نامی گاؤں کو ہدف بنایا گیا، جو شمال مغربی صوبہٴ ادلب میں واقع ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے، اے ایف پی کے نمائندے نے واقعے کے مقام سے بتایا ہے کہ ’’درجنوں زخمیوں کو مقامی اسپتال لایا گیا، جن میں خواتین، بچے، عمر رسیدہ لوگ اور امدادی کام سے وابستہ رضاکار شامل ہیں‘‘۔
حالیہ مہینوں کے دوران ادلب پر فضائی حملے نہیں ہوئے، جنھیں غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں سے بے دخل ہونے والے ہزاروں شامیوں کو ادلب میں بسایا گیا ہے۔