رسائی کے لنکس

پال رائین نریندر مودی سے مذہبی آزادی پر بات کریں: اراکین کانگریس کا خط


18 ارکان نے اسپیکر پال رائن کو ایک خط میں لکھا ہے کہ ’’ہم نہایت ادب سے یہ درخواست کرتے ہیں کہ وزیرِ اعظم (مودی) کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں آپ مذہبی آزادی کے بنیادی حق کو ترجیحی طور پر اپنی بات چیت کا حصہ بنائیں۔‘‘

امریکی کانگرس میں دونوں جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 18 ارکان نے اسپیکر پال رائن کو 7 جون کو ایک خط میں لکھا ہے کہ وہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران ان پر دباؤ ڈالیں کہ وہ بھارت میں مذہبی آزادی کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔

انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ہم نہایت ادب سے یہ درخواست کرتے ہیں کہ وزیرِ اعظم (مودی) کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں آپ مذہبی آزادی کے بنیادی حق کو ترجیحی طور پر اپنی بات چیت کا حصہ بنائیں۔‘‘

ارکان کانگرس نے اس خط میں لکھا ہے کہ ’’مسلمانوں، مسیحیوں، بدھ اور سکھ مذہب کے ماننے والوں کو بھارت میں کئی دہائیوں سے خوف اور تشدد کا سامنا رہا ہے اور وہ مسلسل ایک ایسے ماحول میں رہ رہے ہیں جہاں جانے پہچانے قصوروار تشدد کرتے ہیں اور قانون کی گرفت سے بچ جاتے ہیں۔‘‘

خط میں 2002 میں گجرات میں ہونے والے مسلم مخالف فسادات کا بھی ذکر کیا گیا ہے جن میں تقریباً 2000 مسلمان ہلاک ہو گئے تھے جن میں بچے اور عورتیں بھی شامل تھیں۔

ان حملوں میں ایک لاکھ افراد کو اپنے گھر چھوڑنے پڑے تھے۔ ان حملوں کے بعد موجودہ وزیرِ اعظم نرنیدر مودی جو اس وقت گجرات کے وزیرِ اعلی تھے, ان کو امریکی ویزا دینے پر پابندی لگا دی گئی تھی کیونکہ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ان فسادات کو رکوانے اور مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات نہیں کیے تھے۔

لیکن بعد میں جب مودی مئی 2014 میں بھارت کے وزیراعظم منتخب ہوئے تو یہ پابندی اٹھا لی گئی تھی۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ 2007، 2008 میں ہندو قدامت پسندوں نے اوڑیسہ میں مسیحیوں پر حملے کیے جس کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک ہوئے، گرجا گھر اور لوگوں کے گھر جلائے گئے اور 10000 افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔

خط میں 2013 میں اتر پردیش میں ہونے والے مسلم مخالف حملوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک ہوئے، درجنوں لڑکیوں اور عورتوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی اور پچاس ہزار افراد کو اپنے گھر چھوڑنے پڑے۔

وزیرِ اعظم بننے کے بعد سے نریندر مودی کا امریکہ کا یہ چوتھا دورہ ہے۔ اس دورے کی منفرد بات یہ ہے کہ انہوں نے بدھ 8 جون کو کانگرس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا جس کی دعوت انہیں سپیکر پال رائین نے دی تھی۔

XS
SM
MD
LG