امریکی گلوکارہ مائلی سائرس اور اداکار لیام ہیمز ورتھ کی شادی سے متعلق جتنی خبریں، افواہیں اور چرچے اب تک سننے کو ملے ہیں، شاید ہی کسی اور ہالی ووڈ ایکٹریس کی شادی اتنی زیادہ خبروں میں رہی ہو۔
اب ایک بار پھر یہ اطلاعات ہیں کہ دونوں نے چھپ کر شادی کرلی ہے۔
سن 2010 میں دونوں کا نام پہلی مرتبہ ایک ساتھ جڑا تھا جس کے بعد سے دونوں کی ایک دوسرے سے محبت کے چرچے ہوتے رہے ہیں۔ رواں سال کے وسط میں خبریں آئی تھیں کہ دونوں جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
بات یہاں تک آپہنچی کہ تاریخیں بھی طے ہوگئیں لیکن پھر اچانک دونوں کے درمیان ایک معاملے پر آکر بات رک گئی اور یوں یہ شادی بھی ہوتے ہوتے رہ گئی۔
اب امریکی خبر رساں اداے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' نے بتایا ہے کہ دونوں نے سب سے نظریں بچا کر یعنی خفیہ طور پر شادی کرلی ہے۔
خبر کے مطابق سائرس نے گزشتہ روز اپنی اور ہیمز ورتھ کی تین بلیک اینڈ وائٹ تصاویر انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر پوسٹ کی ہیں جن کے نیچے بطور کیپشن لکھا ہے، "دس سال بعد۔۔۔"
ساتھ ہی "بارہ بج کر تئیس منٹ اور اٹھارہ سیکنڈ" کا وقت بھی درج ہے۔
خبر کے مطابق غالباً یہ وہ وقت ہوگا جب دونوں نے ایک دوسرے سے عہد و پیماں کیا ہوگا۔
عمر کی 26 بہاریں دیکھ لینے والی سائرس نے 28 سالہ ہیمز کے ساتھ گزارے لمحات کو بیان کرتی ایک اور تصویر بھی شیئر کی ہے جس کے نیچے لکھا ہے، "میری محبت۔۔"
خبر کی وضاحت کے لیے ان سے 'اے پی' نے ای میل پر رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر فوری طور پر دونوں میں سے کسی کے اسٹاف نے بھی اس ای میل کا جواب نہیں دیا۔
دونوں فن کار سال 2015 میں دوبارہ ایک دوسرے سے رابطے میں آئے تھے جب کہ سن 2010 میں دونوں نے ایک رومینٹک ڈرامے ’دی لاسٹ سانگ‘ میں پرفارم بھی کیا تھا۔