امریکہ کے اسرائیل کے لیے فوجی ہتھیار غزہ میں امداد سے مشروط
’اسرائیل غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل دوگنی کرے ورنہ فوجی امداد خطرے میں پڑ سکتی ہے‘
امریکی حکام نے بتایا ہے کہ واشنگٹن ڈی سی نے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ اگلے ماہ تک غزہ میں انسانی ہمدردی کی صورتِ حال کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ ورنہ امریکی فوجی امداد پر ممکنہ پابندیوں کا سامنا کرے ۔
امریکہ کی اسرائیل کو ایک سال میں پہلی بار، جب سے اسرائیل حماس جنگ شروع ہوئی ہے، ایسی سخت ترین وارننگ ہے۔
امریکی حکام نے کہا کہ وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن اور وزیرِ دفاع لائڈ آسٹن نے اتوار کو اسرائیلی ہم منصبوں کو خطوط ارسال کیے ہیں جن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ شمالی غزہ میں اسرائیل کے نئے حملوں کے دوران فلسطینی محصور علاقے میں بگڑتی ہوئی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے ۔
امریکی ویب سائٹ ایکسیوس کی جانب سے سوشل میڈیا پر خط کی ایک کاپی لگائی گئی ہے جس میں امریکہ کے دونوں اعلیٰ حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’’ہمیں خاص طور پر تشویش ہے کہ اسرائیل کی حکومت کے حالیہ اقدامات غزہ کے حالات کو تیزی سے بگاڑ رہے ہیں۔‘‘