لبنان سے فائر کیے گئے پانچ راکٹ ناکارہ بنا دیے: اسرائیلی فوج
اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے لبنان سے فائر کیے گئے پانچ راکٹس کو ناکارہ بنا دیا ہے۔
فوج کے بیان کے مطابق شمالی اسرائیل کے کئی علاقوں میں میزائل فائر ہونے کے بعد سائرن سنائی دیے تھے۔ جب کہ فائر کیے گئے میزائل تباہ کردیے گئے۔
حزب اللہ نے ہفتے کو یہودیوں خے تہورا یوم کپور کے موقعے پر اسرائیل پر 320 راکٹ داغے تھے۔
اسرائیل کے حملے میں جنوبی لبنان کی ایک مسجد تباہ
لبنان کے سرکاری میڈٰیا نے کہا کہ اتوار کو اسرائیل کے ایک حملے میں ایک مسجد مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔
لبنان کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے صبح سویرے جنوبی لبنان مین کفر تبنت کو ہدف بنایا ہے۔
گاؤں کے میئر کے مطابق یہ مسجد تقریباً 100 برس پرانی تھی۔
چالیس ممالک کی اقوام متحدہ کی امن فورس پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت
لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کی امن فورس میں شامل 40 ممالک نے فورس پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی ہے۔
ان ممالک کے مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ امن مشن پر حملے فوری طور پر روکے جائیں۔
مشترکہ بیان جاری کرنے والے ممالک میں پولینڈ، انڈونیشیا، اٹلی اور بھارت بھی شامل ہیں۔
جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کے حملوں میں اقوام متحدہ کی امن فورس کی تنصیبات بھی زد میں آئی ہیں۔گزشتہ 48 گھنٹوں کے درمیان امن فورس پر ہونے والے حملون میں اب تک اس کے کم از کم پانچ اہل کار زخمی ہوچکے ہیں۔
جنوبی لبنان میں اسرائیل کے حملے سے اقوام متحدہ کی امن فوج کی اہم ترین بیس بری طرح متاثر ہوئی ہے جس پر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مغربی ممالک سے اس حملے کی مذمت کا مطالبہ کیا ہے۔
لبنان اور غزہ میں اسرائیل کی کارروائیوں میں تیزی
اسرائیل کی جانب سے لبنان کے مزید علاقے خالی کرانے کی وراننگ کے بعد سے اس کی کارروائیوں میں مزید شدت آگئی ہے۔
لبنانی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان کے رامیہ گاؤں میں اسرائیلی فوج کو داخل ہونے سے روکنے کے لیے اس کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
ہفتے کو غزہ کے مقامی طبی حکام کے مطابق اسرائیل کے حملوں میں 29 فلسطینی ہلاک ہوگئے ہیں۔
ان کے مطابق اسرائیل نے جبالیہ کے علاقے میں حملے بڑھا دیے ہیں جس کے بعد امدادی تنظیموں کے مطابق ہزاروں شہری ان علاقوں میں پھنس گئے ہیں۔