ایران کو جواب دینے کے لیے اسرائیل نے اہداف کا تعین کرلیا ہے: رپورٹ
امریکی حکام کے مطابق اسرائیل نے ایران کے حالیہ میزائل حملوں کا جواب دینے کے لیے اپنے اہداف کا تعین کرلیا ہے۔
امریکہ کے خبر رساں ادارے این بی سی کی ایک رپورٹ میں شناخت ظاہر کیے بغیر امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس بات کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے کہ اسرائیل ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے گا یا کسی اہم شخصیت کو قتل کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے تاحال جوابی کارروائی کے وقت کا حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ تاہم اسرائیلی اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہہ ممکنہ کارروائی یہودیوں کے مقدس تہوار یومِ کپور کی تعطیلات کے دوران ہوسکتی ہے۔
لبنان میں بین الاقوامی امن فورس پر اسرائیلی حملوں کی رپورٹس پرامریکہ کا اظہارِ تشویش
امریکہ کے وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے ہفتے کو اپے اسرائیلی ہم منصب یوو گیلنٹ کو لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کی امن فورس پر اسرائیل کے حملوں کی رپورٹس سے متعلق اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں لائیڈ آسٹن نے لبنان میں تعینات بین الاقوامی امن فورس کے تحفظ پر زور دیا ہے۔
اسرائیل کے وزیرِ دفاع نے کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کی امن فورس کو نقصان سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
پاکستان میں میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے کے لیے 27 فلسطینی طلبہ قاہرہ سے لاہور روانہ
غزہ سے تعلق رکھنے والے میڈیکل کے 27 فلسطینی طلبہ مصر سے پاکستان روانہ ہوگئے ہیں۔
قاہرہ میں پاکستان کے سفارت خانے کے مطابق یہ غزہ سے تعلق رکھنے والے یہ طلبہ لاہور پہنچ کر اپنی باقی تعلیم مکمل کریں گے۔
سفارت خانے کے مطابق یہ ان 192 فلسطینی طلبہ کا پہلا بیچ ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حکومتی خرچ پر جن کی تعلیم پاکستان میں مکمل کرانے کا اعلان کیا تھا۔
اقوامِ متحدہ لبنان کے جنگی علاقوں سے امن فورس نکال لے: نیتن یاہو
اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ لبنان کے ان علاقوں سے اپنی بین الاقوامی امن فورس نکال لے جہاں لڑائی جاری ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیلی فوج اقوامِ متحدہ کو بارہا ان علاقوں سے فوج نکالنے کا کہہ چکی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنگ زدہ علاقوں میں امن فورس کی موجودگی انہیں دراصل حزب اللہ کا یرغمال بنارہی ہے۔